
پاکستان کے مایہ ناز جیولن تھرو کھلاڑی اور اولمپئین ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں متاثرکن کارکردگی نہ دکھا پانے پر قوم سے معذرت کر لی ہے اور مستقبل میں مضبوط واپسی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ارشد ندیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں فائنل میں وہ نتیجہ حاصل نہ کر سکا جس کی امید تھی، لیکن فخر ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے اسٹیج پر اپنے وطن کی نمائندگی کی۔
ارشد ندیم نے قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے غیر متزلزل تعاون اور محبت پر بے حد شکرگزار ہوں، دعاؤں، پیغامات اور حوصلہ افزائی نے مجھے حوصلہ دیا۔
اپنے پیغام میں ارشد ندیم نے بتایا کہ وہ 4 جولائی سے انجری کا شکار تھے، جس نے ان کی تیاری اور فٹنس کو متاثر کیا، تاہم اس کے باوجود وہ مکمل عزم کے ساتھ میدان میں اُترے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کے باوجود اپنی پوری کوشش کی اور اس تجربے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ وعدہ کرتا ہوں کہ پہلے سے زیادہ محنت کروں گا اور اپنے وطن کے لیے عظمت حاصل کرنے کے مشن کو جاری رکھوں گا۔
ارشد ندیم نے اپنے پیغام کا اختتام محبت اور شکرگزاری کے ساتھ کیا اور لکھا کہ شکریہ پاکستان! میں محنت جاری رکھوں گا تاکہ اپنے وطن کے لیے سرخرو ہو سکوں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News