
دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں ٹورنامنٹ کی 41 سالہ تاریخ میں آج پہلی بار پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔ ٹورنامنٹ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ روایتی حریف فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
پاکستان ٹیم بھارت سے گروپ اور سپر 4 مرحلے میں دو بار شکست کھا چکی ہے، تاہم 25 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف سنسنی خیز ’ورچوئل سیمی فائنل‘ جیتنے کے بعد گرین شرٹس پرعزم اور حوصلہ مند ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد کی باؤلنگ اور صائم ایوب کی نپی تلی کارکردگی بھارتی بلے بازوں کے لیے کسی امتحان سے کم نہیں ہوگی، جبکہ بیٹنگ لائن میں صاحبزادہ فرحان، فخر زمان اور محمد نواز سے توقعات وابستہ ہیں۔
مزید پڑھیں: حارث اور صاحبزادہ فرحان کیس میں تاخیر، چیئرمین پی سی بی کے تحفظات
بھارتی اسکواڈ میں دنیا کے نمبر ون بیٹر ابھیشیک شرما ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 309 رنز بنا چکے ہیں اور جارحانہ آغاز فراہم کر رہے ہیں۔ اسپن باؤلنگ میں کلدیپ یادو 13 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں جبکہ جسپریت بمرا، اکشر پٹیل اور وارون چکرورتی نے مڈل اوورز میں حریفوں پر دباؤ قائم رکھا ہے۔
بھارت نے 26 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز میچ سپر اوور میں جیتا، جس کے بعد کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ ٹیم نے منصوبے کے مطابق کھیل پیش کیا اور یہی کامیابی کی اصل وجہ ہے۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے پری میچ پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم اس میچ کے لیے بہت پرجوش ہے اور ایشیا کپ جیتنے کے ہدف کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز دیکھتے ہوئے فائنل کی پلینگ الیون کا فیصلہ کیا جائے گا۔
گرین شرٹس جہاں ایک ہی ٹورنامنٹ میں تیسری شکست سے بچنے کے لیے میدان میں اتریں گے، وہیں بھارت ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے پُرعزم دکھائی دے رہا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News