
وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات آج ہو گی، جس میں فیلڈ مارشل کی شرکت کی بھی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاک امریکہ سربراہان کی ملاقات امریکی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے وائٹ ہاؤس میں طے ہے۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ اوول آفس میں وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کریں گے۔
وزیراعظم اور امریکی صدر کی ملاقات میں عالمی اور علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی ملاقات میں شرکت کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر کے اجلاس کے موقع پر بھی وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ہوئی، دونوں رہنما کافی دیر ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رہے، بے تکلف انداز میں ایک دوسرے سے گفتگو کرتے رہے، امریکی صدر نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی مصافحہ کیا۔
مزید پڑھیں: دفاعی معاہدہ، وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کیلئے سعودی ولی عہد کی مسلسل حمایت کے معترف
صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے گفتگو جاری رکھی، بات چیت کے اختتام پر تھمبز اپ (thumbs up) کا اشارہ کیا۔
اسلامی ملکوں کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر، اردن کے بادشاہ اور انڈونیشیا کے صدر سے بھی ملاقات کی، اس دوران غزہ میں جنگ بندی کے امور اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کی امریکا میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی سربراہی میں عالمی ترقیاتی اقدام کے موضوع پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی چین کے وزیراعظم سے ملاقات اور غیر رسمی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس سے بھی ملاقات کی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریا کے چانسلر سے جرمن میں گپ شپ لگالی، ہلکے پھلکے جملوں کے ساتھ قہقہوں کا تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریا کا دورہ کرنا چاہتے ہیں، شاید کل ہی چلے جائیں۔
وزیراعظم کی کویت کے ولی عہد سے بھی ملاقات ہوئی، اس دوران دونوں ملکوں کے تعلقات مزید آگے لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے سے بھی ملاقات ہوئی، دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی، وزیراعظم نے سری لنکا کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News