
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر قوم اور سیکیورٹی اداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے جوانوں کی بہادری اور قربانیاں ملک کے ہر شہری کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ ان کی جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف یہ جدوجہد پاکستان کے پرامن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، اور ریاست کی رِٹ قائم رکھنے کے لیے دی جانے والی ہر قربانی کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ اپنے شہداء اور غازیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور انتہا پسندی و دہشتگردی کو پوری قوت سے مسترد کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے نوجوانوں کی کردار سازی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو انتہا پسندی سے محفوظ رکھنا ہم سب کی اجتماعی قومی ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے لیے تعلیم، آگاہی اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
صدر زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو ملک دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان اپنے ہر شہری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News