 
                                                                              انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کی انعامی رقم کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، جو تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم قرار دی جارہی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق فاتح ٹیم کو 4.48 ملین امریکی ڈالر دیے جائیں گے، جو ویمنز کرکٹ کے لیے ایک سنگ میل تصور کیا جارہا ہے۔
اعلان کے مطابق رنر اپ ٹیم کو 2.24 ملین ڈالر انعام دیا جائے گا، جبکہ سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیموں کو 1.12 ملین ڈالر فی کس ملیں گے۔ اس کے علاوہ گروپ اسٹیج میں ہر میچ جیتنے والی ٹیم کو 34,314 امریکی ڈالر انعامی رقم کے طور پر دیے جائیں گے۔
پوزیشن کی بنیاد پر انعامات میں پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 700,000 ڈالر جبکہ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کی ٹیموں کو 280,000 ڈالر دیے جائیں گے۔ آئی سی سی کے اعلان کے مطابق ورلڈ کپ میں شریک ہر ٹیم کو کم از کم 250,000 ڈالر ملیں گے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کی یہ انعامی رقم مینز ورلڈ کپ 2023 کی انعامی رقم سے بھی بڑھ گئی ہے، جو 10 ملین ڈالر مقرر کی گئی تھی۔ اس فیصلے کو ویمنز کرکٹ کی ترقی کے لیے ایک تاریخی اقدام قرار دیا جارہا ہے۔
آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے اس موقع پر کہا کہ یہ ویمنز کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کرکٹرز کو اب مرد کھلاڑیوں کے برابر سہولتیں اور انعامات دیے جائیں گے، جو عالمی سطح پر کھیل میں صنفی مساوات کی بڑی کامیابی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 