
نادرا کا ایک ایسا تازہ ترین کارنامہ سامنے آیا ہے، جس نے پوری قوم کو حیران و پریشان کردیا ہے، نادرا نے ایک زندہ شخص کو سرکاری ریکارڈ میں مردہ قرار دے دیا ہے۔
بول نیوز کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے باڈہ شہر کے رہائشی ایک ٹیکسی ڈرائیور اللّٰہ بخش سومرو کو سرکاری ریکارڈ میں مردہ قرار دے دیا گیا ہے، جس کا انکشاف اس وقت ہوا جب وہ اپنے بیٹے کا شناختی کارڈ بنوانے نادرا آفس گیا۔
متاثرہ شہری نے لاڑکانہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں زندہ اور جیتا جاگتا ثبوت ہوں، لیکن سرکاری کاغذات میں مجھے مردہ ظاہر کر دیا گیا ہے۔
اللّٰہ بخش سومرو کے مطابق نادرا حکام نے انہیں بتایا کہ بیٹے کا شناختی کارڈ اسی وقت بن سکے گا جب وہ اپنا مردہ ریکارڈ ٹاؤن کمیٹی سے ختم کروائیں گے۔
نادرا انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ کا اجرا ٹاؤن کمیٹی اور یونین کونسل کا کام ہے، جبکہ نادرا صرف اسی ریکارڈ کی بنیاد پر ڈیٹا اپڈیٹ کرتا ہے۔
نادرا حکام نے تصدیق کی ہے کہ اللّٰہ بخش سومرو کے جعلی موت کے ریکارڈ کو کینسل کرنے کی درخواست موصول ہو چکی ہے، اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ پیر کے روز دوبارہ نادرا آفس آئیں۔
حکام کے مطابق اس روز ان کا ریکارڈ اپڈیٹ کر کے انہیں زندہ افراد کی فہرست میں واپس شامل کر لیا جائے گا۔
متاثرہ شہری نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور ایسے نظامی نقائص کو فوری درست کیا جائے تاکہ آئندہ کسی اور شہری کو ایسی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News