
بحیرہ عرب میں بننے والے خطرناک سمندری طوفان شکتی نے شدت اختیار کر لی ہے جو کراچی کے جنوب میں 360 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں یہ طوفان مزید شدت اختیار کر کے شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو جائے گا۔
موسمیاتی وارننگ کے مطابق 3 تا 6 اکتوبر کے دوران طوفان کے مرکز کے گرد ہواؤں کی رفتار 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ جھکڑ 125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی شدت سے چل سکتے ہیں۔
3 اکتوبر کی رات سے شمالی اور وسطی بحیرہ عرب میں انتہائی شدید طغیانی کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے اثرات ساحلی پٹی پر بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے نتیجے میں تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، سجاول اور دیگر زیریں سندھ کے علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے، جبکہ کراچی، حیدرآباد اور شہید بے نظیر آباد میں بھی آج اور کل بارشیں متوقع ہیں۔
سمندر میں طغیانی کی شدت اس قدر ہوگی کہ ماہی گیروں کو 5 اکتوبر تک سمندر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
ہواؤں کی موجودہ رفتار 65 تا 70 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جو کہ آنے والے دنوں میں مزید خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تاحال پاکستانی ساحلی پٹی کو براہِ راست کوئی خطرہ نہیں، تاہم متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News