
اسلام آباد : وزیر اعظم کی ہدایت پر عوام کے لیے گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی ختم کر دی گئی ہے اور ایل این جی کنکشنز کے لیے منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
سوئی نادرن گیس کمپنی (SNGPL) کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد عوام کے لیے گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی ختم کر دی گئی ہے اور ایل این جی کنکشنز کے لیے منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
عامر طفیل کے مطابق، کمپنی کے ہیڈ آفس اور ریجنل دفاتر میں مانیٹرنگ یونٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے 0800 نمبر مختص کیا گیا ہے، جس پر کال کر کے مسائل حل کروائے جا سکتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ دو لاکھ 45 ہزار افراد کے ڈیمانڈ نوٹس پہلے سے جمع تھے جنہیں خط ارسال کر دیے گئے ہیں۔ ایم ڈی کے مطابق ایل پی جی سلنڈر کی قیمت ہماری ایل این جی سے 30 فیصد زیادہ ہے، تاہم اب صارفین کو سلنڈر خریدنے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ گیس گھروں پر فراہم کی جائے گی۔
پہلی ترجیح ان صارفین کو دی جائے گی جنہوں نے پہلے ہی پیسے جمع کروائے ہیں، جبکہ ارجنٹ فیس جمع کروا کر بھی کنکشن حاصل کیا جا سکتا ہے۔ عامر طفیل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی تیسرے فریق کے چنگل میں نہ پھنسیں بلکہ براہ راست آن لائن یا دفاتر میں جا کر درخواست دیں۔
انھوں نے کہا کہ اس سال سوئی نادرن کا ہدف تین لاکھ نئے کنکشنز لگانا ہے اور اگلے سال سے ہر سال چھ لاکھ کنکشنز فراہم کیے جائیں گے۔ ایل این جی کی قیمت 3200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے اور کمپنی نے یو ایف جی نقصان کو پانچ فیصد تک کم کر دیا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے یہ بھی واضح کیا کہ ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کو گیس کی فراہمی میں کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا گیا اور جیسے ہی وزیر اعظم کی طرف سے اجازت ملی، کنکشنز کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔
عامر طفیل نے صارفین کو یقین دہانی کرائی کہ سیفٹی کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا اور عوام کو بروقت سہولت فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News