استنبول: پاکستان اور افغان طالبان رجیم کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور 10 گھنٹے سے زائد جاری رہنے کے بعد بغیر کسی واضح پیش رفت کے ختم ہوگیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق افغان طالبان رجیم کسی بھی نکتے پر تحریری طور پر اتفاق کرنے کے لیے تیار نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں رکاوٹ کے بعد کسی مثبت نتیجے کی امیدیں تقریباً ختم ہو گئی ہیں، تاہم افغان طالبان حکام پاکستان کے جائز سیکیورٹی تحفظات کو سمجھتے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق قندھار اور کابل کے بعض حلقے دہشت گرد نیٹ ورکس کی حمایت ترک کرنے پر آمادہ نہیں، جبکہ مذاکرات کے میزبان اور ثالث ممالک بھی پاکستان کے جائز تحفظات سے متفق ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اپنے پیش کردہ منطقی مطالبات پر قائم ہے، تاہم افغان طالبان کا وفد پاکستانی مطالبات کو پوری طرح تسلیم کرنےکو تیار نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی وفد کا مؤقف بدستور منطقی، مضبوط اور امن کے لیے ناگزیر ہے، میزبان ممالک بھی تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان کے یہ مطالبات معقول اور جائز ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دلچسپ طور پر افغان طالبان کا وفد خود بھی سمجھتا ہے کہ ان مطالبات کو ماننا درست ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان کے وفد کو کابل سےکنٹرول کیا جا رہا ہے، افغان طالبان کا وفد بار بار کابل انتظامیہ سے رابطہ کر کے انہی کے احکامات کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے تاہم کابل انتظامیہ سے کوئی حوصلہ افزا جواب نہیں آ رہا جس سے تعطل پیدا ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایسا لگتا ہے کابل میں کچھ عناصر کسی اور ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد نے بارہا یہ نکتہ واضح کیا ہےکہ ان مطالبات کو تسلیم کرنا سب کے مفاد میں ہے جبکہ میزبان ممالک نے بھی افغان وفد کو یہ بات سمجھائی ہے۔
یاد رہے کہ ترکیے کے شہر استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے۔
پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر پر اتفاق کیا گیا تھا۔
دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور چند روز قبل استنبول میں ہوا تھا جس میں پہلے دور میں طے پانے والے نکات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغان حکام کو دہشت گردی کی روک تھام کا جامع پلان دیا تھا جبکہ اس حوالے سے وزیر دفاع خواجہ نے کہا تھا کہ افغان طالبان کے پاس دو ہی آپشن ہیں یا تو امن کے ساتھ رہیں یا پھر ہماری ان کے ساتھ کھلی جنگ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
