
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کو “یومِ استقامت” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں قربانی، اتحاد اور ایثار کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب ہزاروں بستیاں مٹ گئیں، ہزاروں لوگ لقمہ اجل بنے، مگر پوری قوم نے بے مثال قومی یکجہتی اور انسان دوستی کا مظاہرہ کیا۔
اپنے پیغام میں اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ 2005 کے زلزلے کی تباہ کاریاں آج بھی ہماری یادوں میں تازہ ہیں۔ قوم نے اس سانحے کے بعد جس طرح اپنے ہم وطنوں کا ساتھ دیا، وہ مثالی تھا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے ہمیں ایک بار پھر 2005 جیسے جذبۂ اتحاد کی یاد دلائی ہے، اور ہمیں دوبارہ اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اُترنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قومی ہم آہنگی، ادارہ جاتی تیاری، اور ماحول دوست اقدامات ناگزیر ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب جیسے خطرات سے بچاؤ کے لیے شجرکاری اور جنگلات کے تحفظ کو قومی ترجیح بنایا جانا چاہیے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ آفات کے وقت قومیں اتحاد، قربانی اور ہمدردی سے ہی مضبوط بنتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد اور شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں تاکہ پاکستان کو قدرتی آفات سے محفوظ اور سرسبز بنایا جا سکے۔
انہوں نے یومِ استقامت پر زلزلہ متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News