فائل فوٹو
کوالالمپور: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاک افغان مسائل جلد حل کروں گا۔
آسیان ممالک کے تین روزہ اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان تاریخی جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس سے لاکھوں زندگیاں بچ گئیں اور طویل فوجی تنازع ختم ہوگیا۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری آسیان سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تھائی لینڈ کمبوڈیا جنگ ان 8 جنگوں میں سے ایک ہے جو میں نے 8 ماہ میں رکوائی ہیں، ایک اور جنگ رکوانا ابھی باقی ہے۔
امریکی صدر نے کہا میں نے سنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پھر سے مسائل شروع ہوگئے ہیں، مجھے لگتا ہےکہ میں اس مسئلے کے حل کے لیے کچھ کرسکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں دونوں ممالک کو جانتا ہوں اور میں پاک افغان مسائل جلد حل کروں گا اور میں یہ اچھے طریقے سے کروں گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں تھائی اور کمبوڈیا کے رہنماؤں کو بہادر قرار دیا اور ملائیشیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریق تمام لڑائیاں ختم کرنے پر راضی ہیں، اور اب 18 کمبوڈین جنگی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ملائیشیا جنگ بندی کے بعد مبصرین تعینات کرے گا تاکہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ کمبوڈیا اور ملائیشیا کے درمیان جلد تجارتی معاہدے کیے جائیں گے، جب کہ تھائی لینڈ کے ساتھ اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر دستخط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چینی صدر سے بھی بات کریں گے، کیونکہ ہم جنگیں نہیں بلکہ تجارت چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا اور ملائیشیا نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی میں ثالث کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے اسے جرات مندانہ فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی نئی بنیاد رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اب تک آٹھ جنگیں رکوا دی ہیں، اور یہ سب تجارت اور مذاکرات کے ذریعے ممکن ہوا ہے۔ مجھے جنگیں رکوانا پسند ہے کیونکہ دنیا کو اب امن کی ضرورت ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں بھی ایک وقت جنگ ہوئی تھی جو جلد ختم ہوگئی۔ پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم عظیم شخصیات ہیں جنہوں نے امن کے لیے کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق سعودی عرب نے پاک افغان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
کمبوڈیا کے وزیراعظم نے اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا۔ اس موقع پر ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے انکشاف کیا کہ صدر ٹرمپ نے پروٹوکول توڑ کر مجھے اپنی گاڑی میں بٹھایا اور گاڑی میں ان سے شاندار گفتگو ہوئی۔
انور ابراہیم نے مزید کہا کہ ہم غزہ سمیت دنیا کے کئی حصوں میں جنگ بندی پر صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں، اور امن برقرار رکھنے کے لیے ان کا عزم دیکھ کر خوشی ہوئی۔
صدر ٹرمپ نے اختتام میں کہا کہ یہ امن معاہدہ نہ صرف جنوب مشرقی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے لیے امید کا پیغام ہے۔ ہم جنگوں کے نہیں، امن اور خوشحالی کے دور کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
