
حماس نے مزید 2 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں، تاہم اس کے باجود اسرائیل نے رفح بارڈر کو تاحکم ثانی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ اسے حماس کی جانب سے 2 مزید یرغمالیوں کی لاشیں موصول ہوگئی ہیں۔
وزیراعظم نیتن یاہوکے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو ریڈ کراس کے ذریعے 2 یرغمالیوں کی لاشیں موصول ہوئی ہیں، جنہیں غزہ میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے حوالے کیا گیا ہے۔
یہ لاشیں جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل کے حوالے کی گئی ہیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ لاشوں کو شناخت کے لیے اسرائیل میں ایک طبی تجزیاتی مرکز منتقل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اب تک حماس کی جانب سے 28 میں سے 11 مغویوں کی لاشیں اسرائیل کو ملی ہیں۔
حماس کا کہنا ہےکہ رفح کراسنگ کی بندش یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے، یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی رفح کراسنگ کھلنے سے مشروط ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرسکتا ہے، حماس کی جانب سے جنگ بندی کی ممکنہ خلاف ورزی کی مستند اطلاعات ملی ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ضامن ممالک کو جنگ بندی کی ممکنہ خلاف ورزی سے متعلق آگاہ کر دیا گیا، اگر حماس نے ایسا کیا تو غزہ کے عوام کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ اور مصر کے درمیان واقع رفح بارڈر تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیتن یاہو آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی مغویوں کی لاشوں کی واپسی اور طے شدہ فریم ورک کو نافذ کرنے میں حماس کے کردار کو دیکھتے ہوئے رفح بارڈر کھولنے پر غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان کے ضلع طائر میں تازہ حملہ کرکے ایک شخص کو شہید کردیا ہے، اس سے پہلے ایک گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 بچے اور 3 خواتین سمیت 11 افراد شہید ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیل غزہ اور لبنان میں درجنوں لوگوں کو شہید کرچکا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News