
غزہ: غزہ میں غیر یقینی جنگ بندی کے دوران اسرائیلی حملوں میں کم از کم تین فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق خان یونس کے مشرقی علاقے پر قابض اسرائیلی ڈرون نے حملہ کیا جبکہ گذشتہ حملوں میں زخمی ہونے والے دو فلسطینی شہری بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج نے خان یونس کے مختلف محلوں قیزان النجار، جُورہ اللّوت، معن، مشرقی عبسان اور القرارہ میں اندھا دھند فائرنگ کی۔
اسی دوران اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ شہر کے مشرقی علاقے الشجاعیہ میں شدید گولہ باری کی جس سے خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔
علاوہ ازیں، میڈیکل ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ اور مصر کے درمیان رفح کراسنگ کو عوامی نقل و حرکت کے لیے کھولنے میں تاخیر برقرار رہے گی۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع نے فوج کو ہدایت دی ہے کہ اگر جنگ بندی ناکام ہوجائے تو حماس کو شکست دینے کے لیے “جامع منصوبہ” تیار رکھا جائے۔ دوسری جانب حماس نے دو مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں واپس کی ہیں، تاہم تنظیم کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے باقی اجساد نکالنے کے لیے خصوصی آلات اور امداد درکار ہوگی۔
اقوامِ متحدہ اور مقامی اداروں کے مطابق، اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں 67 ہزار 938 فلسطینی جاں بحق اور 1 لاکھ 70 ہزار 169 زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں اسرائیل میں 1,139 افراد مارے گئے اور تقریباً 200 افراد کو یرغمال بنایا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News