
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ کیلئے گنجائش نہیں ہے۔
پی ایم اے کاکول کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق میں اپنی عسکری اور دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم اپنی فوج کے ساتھ فولاد کی طرح کھڑی تھی، آپریشن بنیان مرصوص سے قوم کے فوج پر اعتماد مزید مضبوط ہوا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزمات لگائے گئے، بھارتی جارحیت کے خلاف قوم پہلے سے زیادہ متحد اور یک زبان ہوئی اور قوم کی حمایت سے سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ازلی دشمن کےخلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے رافیل طیاروں کو مار گرایا گیا، دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس400 سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا، اللہ کےفضل اور قومی عزم کے ساتھ ہم نےمن حیث القوم متحد ہو کر فولادی دیوار کی مانند دشمن کا مقابلہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کاخود ساختہ شواہد پیش کرنا علامت ہےکہ بھارتی حکمران جماعت نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دیا، پاکستان نےعددی طور پر بڑے دشمن کےخلاف اپنی واضح فتح کی بدولت عالمی برادری کا وقار اور داد حاصل کی، نوجوانوں میں یہ اعتماد بھی مضبوط ہوا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کا ایک بنیادی ستون ہیں۔
ان کا کہنا تھا قوم کو یقین دلاتا ہوں ان شااللہ، ہم اس مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کےحوالے نہیں ہونے دیں گے، خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہر سپاہی، سیلر، فضائیہ کے جوانوں، مرد، خواتین، بچے، بزرگ کو جنہوں نےکٹھن حالات میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، وطن کے دفاع میں شہید ہونے والوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے ،دشمن پاکستانی افواج اور عوام کے درمیان دوری پیدا کرنا چاہتا ہے، شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کی زندگی گزار رہے ہیں، دشمن اپنے مذموم مقاصد کےلیے ہمارے عوام، مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے، جس میں تمام صلاحیتوں کا احاطہ کیا گیا ہے، یہ پیشہ ور فوج روایتی میدان میں بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوا چکی ہیں، دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کی توقعات سےکہیں زیادہ سخت جواب دے گا، جنگ میں ہمارے ہتھیار زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتے ہوئے بھارت کی جغرافیائی وسعت کا من گھڑت حفاظتی تصور ختم کر دیں گے۔
سید عاصم منیر کا کہنا تھا دشمن کو پہنچائے جانے والےفوجی و اقتصادی نقصانات بھارت کی توقعات سےکہیں زیادہ بڑھ کر ہوں گے، بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتا ہوں نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کے لیے گنجائش نہیں، پاکستان کے ساتھ بنیادی مسائل کوبین الاقوامی اصولوں کے مطابق برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کریں۔
قبل ازیں پی ایم اے کاکول میں 152 ویں لانگ کورس، 37 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71 ویں اینٹی گریٹٹ کورس اور 26 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاس آؤٹ والوں میں 40 دوست ممالک کے فوجی بھی شامل تھے جن کا تعلق عراق، مالدیپ، مالی، نیپال، فلسطین، سری لنکا، یمن، نائیجیریا، قطر اور بنگلا دیش سے ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر ان کا شاندار استقبال کیا۔
بعدازاں مہمان خصوصی فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر اور شیلڈ سے نوازا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News