کرم میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن میں 7 بھارتی سرپرست خوارج کو جہنم واصل کر دیا، آپریشن میں کیپٹن سمیت 6 جوانوں نے اپنی زندگیاں مادر وطن پر قربان کر دیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کرم کے علاقے ڈوگر میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا، جس میں بھارتی ایجنسیوں کے زیرِ اثر تنظیم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
فوجی دستوں کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 7 بھارتی سرپرست خوارج جہنم واصل کر دیے گئے۔
تاہم آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم (عمر 24 سال، ضلع میانوالی) سمیت پاک فوج کے 5 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
دیگر شہداء میں ضلع صوابی کے 39 سالہ حوالدار امجد علی، ضلع راولپنڈی کے 36 سالہ نائیک وقاص احمد ، ضلع شکارپور کے 23 سالہ سپاہی اعجاز علی، ضلع جہلم کے 23 سالہ سپاہی محمد ولید اور ضلع خیرپور کے 32 سالہ سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے بھارتی سرپرست دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے ویژن کے مطابق انسدادِ دہشت گردی مہم کو پوری قوت سے جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
