
وزیرِ خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری حکومت کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر عالمی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کی معاشی سمت کے حوالے سے ایک مثبت اشارہ قرار دیتے ہوئے ایس اینڈ پی گلوبل کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے اسلام آباد میں ایس اینڈ پی گلوبل کے وفد سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور حالیہ بین الاقوامی پیش رفتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اصلاحاتی پالیسیوں کی کامیابی اور مالی نظم و ضبط کے عزم کی توثیق ہے۔
انہوں نے اس موقع پر تینوں بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی درجہ بندیوں کے ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سینیٹر اورنگزیب نے وفد کو حال ہی میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان طے پانے والے اسٹاف لیول ایگریمنٹ کے بارے میں آگاہ کیا، جو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی کے دوسرے اور ریزلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی کے پہلے جائزے سے متعلق ہے۔
وزیرِ خزانہ نے وفد کو مالیاتی (Fiscal)، مالیاتی پالیسی (Monetary) اور بیرونی شعبوں میں حالیہ بہتریوں سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ اصلاحاتی پروگرام کے تحت نمایاں نتائج حاصل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ایس اینڈ پی گلوبل کے ساتھ تعمیری رابطوں اور تعاون کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ شفاف شراکت داری کے ذریعے پائیدار معاشی استحکام اور ترقی کے ہدف پر گامزن ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News