وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گوگل کی مصنوعات کی مقامی اسمبلی لائن پاکستان کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے جو آئی ٹی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان میں گوگل کی جانب سے دفاتر کے قیام اور سرمایہ کاری کی راہوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام حکومت کی آئی ٹی پالیسیوں پر عالمی سطح پر اعتماد کا غماز ہے۔
وزیرِ اعظم نے گوگل کی مصنوعات کی مقامی اسمبلی لائن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف پاکستانی عوام کو سستی مصنوعات دستیاب ہوں گی بلکہ ملک کی برآمدی صنعت میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے زر مبادلہ میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کو ڈیجیٹل نیشن بنانے کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔
وزیرِ اعظم کے مطابق گوگل کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت کے لیے مفاہمتی یادداشت اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ وفاقی حکومت ایک لاکھ باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کر کے انہیں آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کے لیے وسائل دے رہی ہے، اور ملک بھر میں نوجوانوں خصوصاً خواتین کے لیے آئی ٹی تربیتی پروگرامز جاری ہیں۔
وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان تربیتی پروگرامز سے نہ صرف نوجوانوں کی بین الاقوامی سروس انڈسٹری میں مسابقت میں اضافہ ہو رہا ہے، بلکہ یہ انہیں باعزت روزگار حاصل کرنے کے قابل بھی بنا رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو خطے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
