جمہوریہ ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا، جو اس وقت پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ اور مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ علی یرلیکایا کا دورہ پاکستان، دونوں ممالک کے درمیان انتہائی مضبوط اور گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر ترک صدر رجب طیب ایردوان کے لیے تہنیتی پیغام بھی پہنچایا اور ترکیہ کی قیادت کی جانب سے پاکستان کے موقف کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، پولیس کی تربیت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، تجارت اور اقتصادی ترقی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے خاص طور پر ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہا، خصوصاً پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری امن مذاکرات میں ترکیہ کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔
ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر ایردوان کی طرف سے وزیراعظم کے لیے تہنیتی پیغام پہنچایا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس کے شعبے میں تعاون بڑھانے، اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے شعبوں میں مشترکہ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، معاون خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان موجودہ اور ممکنہ مشترکہ چیلنجز کا تذکرہ کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے عالمی سطح پر تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
