اسٹرا بیری کھانے کا ایک اور حیرت انگیز فائدہ سامنے آگیا
اسٹرابیری آپ کی مجموعی صحت کو بہتر بنانے کے لیے انتہائی مفید تصورکی جاتی ہے یہ آپ کو بغیر کسی چکنائی، سوڈیم اور کولیسٹرول کے مختلف وٹامنز، فائبر اور اینٹی آکسیڈینٹس جسے پولی فینولس کہا جاتا ہے فراہم کرتی ہے، تاہم ایک نئی تحقیق کے مطابق یہ آپ کو ڈیمنشیا سے بھی تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔
سنسناٹی یونیورسٹی کے محققین کی طرف سے کی گئی ایک نئی تحقیق میں اسٹرابیری کا روزانہ ایسے افراد میں استعمال جن میں ڈیمنشیا کا خطرہ موجود تھا ان میں خطرے میں کمی نوٹ کی گئی۔
علمی کمی اور اسٹرابیری کے درمیان تعلق کو جاننے کے لیے ایک تحقیق کی گئی جس میں 30 ایسے بالغ شرکاء کا انتخاب کیا گیا جن میں ہلکی علمی خرابی موجود تھی۔
تین ماہ تک جاری رہنے والی اس تحقیق کے دوران شرکاء کو یہ ہدایت دی گئی تھی کہ اسٹرابیری کھانے سے گریز کریں، جبکہ اس کے متبادل کے طور پر انہیں روزانہ اسٹرابیری کے سپلیمنٹ پاؤڈر کا ایک پیکٹ پانی میں ملا کر ناشتے کے ساتھ استعمال کرنے کو کہا گیاتھا۔
اس تحقیق میں شامل آدھے شرکاء کو ایک کپ اسٹرابیری کے برابر پاؤڈر کا پیکٹ جبکہ آدھے شرکاء کو پلیسبو دیا گیا تھا۔
اس تحقیق کے دوران، تحقیقی ٹیم نے ہر شریک کے علمی فعل کے کئی عناصر کی بھی جانچ کی، جیسے میٹابولک صحت، طویل مدتی یادداشت، اور عام مزاج۔ اسٹرابیری کو اس تحقیق کے لیے اس لیے منتخب کیا گیا کیونکہ اس میں ایلاجک ایسڈ اور ایلاجیٹیننز پائے جاتے ہیں جو اینٹی مائیکروبائیل خواص کی وجہ سے مشہور ہیں اور کینسر اور سوزش سے نجات دینے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
تین ماہ کے بعد، محققین نے نتیجہ اخذ کیا کہ جن شرکاء نے اسٹرابیری کا پاؤڈر استعمال کیا تھا، انہوں نے ورڈ لسٹ لرننگ ٹیسٹ میں اس گروپ کے مقابلے میں نمایاں طور بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کیا جنہیں پلیسبو پاؤڈر دیا گیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے ڈپریشن اور ذہنی صحت میں کمی کی علامات میں بھی نمایاں بہتری نوٹ کی۔
یو سی کالج آف میڈیسن کے شعبہ نفسیات اور طرز عمل نیورو سائنس کے پروفیسر رابرٹ کریکورین کا کہنا ہے کہ اسٹرابیری اور بلیو بیری دونوں میں اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جسے اینتھوسیاننز کہتے ہیں یہ میٹابولک اور علمی اضافہ میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ جو لوگ باقاعدگی سے اسٹرابیری یا بلوبیری کھاتے ہیں ان کی عمر بڑھنے کے ساتھ علمی زوال کی رفتار بھی کم ہوتی ہے۔
عمر بڑھنے کے ساتھ ہماری علمی صلاحیتیں کم ہونا شروع ہو جاتی ہیں، اسی طرح موٹاپے اور انسولین کے خلاف مزاحمت کی شرح بھی بڑھ جاتی ہے اس طرح اعصابی سوزش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے تاہم اسٹرا بیری کا استعمال علمی خرابی کو کم کرنے کے ساتھ آپ کی مجموعی صحت کو بہتر بنا سکتا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
