
بلڈ پریشر سے بچنے کے لیے ہفتے میں کتنے دن ورزش کرنا ضروری ہے؟
جب دل کی صحت کی بات آتی ہے تو بلڈ پریشرکا بڑھنا امراض قلب کا ایک محرک ثابت ہوسکتا ہے تاہم کم عمری سے روزانہ ورزش کرنے کی عادت مستقبل میں بلڈ پریشر کے مرض سے بچا سکتی ہے یہ بات حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سان فرانسسکو میں کی جانے والی اس تحقیق کے مصنف اور وبائی امراض کے ماہر کرسٹن بِبنزڈومنگو کا کہنا ہے کہ نوعمر اور ابتدائی 20 کی دہائی میں لوگوں کی اکثریت جسمانی طور پر متحرک رہتی تاہم وقت گزرنے اور عمر بڑھنے کے ساتھ اس میں کمی آنے لگتی ہے۔
ماضی میں کی جانے والی متعدد تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ورزش بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے، تاہم اس نئی تحقیق کے مطابق جوانی کے دوران جسمانی سرگرمی کو مسلسل برقرار رکھنا ہائی بلڈ پریشر کو روکنے کے لئے خاص طور پر اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ ہائی بلڈ پریشر ایک ایسی سنگین حالت ہے جو دنیا بھر میں اربوں لوگوں کو متاثر کرتی ہے جبکہ اس کا طویل عرصے تک سامنا امراض قلب اور فالج کا باعث بن سکتا ہے جبکہ یہ بعد کی زندگی میں ڈیمنشیا کے خطرے کو بھی بڑھا سکتی ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق، ہر چار میں سے ایک مرد اور تقریباً ہر پانچویں عورت کو ہائی بلڈ پریشر کا مرض لاحق ہے۔ لیکن ہائی بلڈ پریشر والے زیادہ تر افراد اس سے واقف نہیں ہوتے کہ وہ اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں اسی لیے اسے خاموش قاتل کہا جاتا ہے۔
ورزش سے بلڈ پریشر پر پڑنے والے اثرات کو جانے کے لیے ایک تحقیق کی گئی جس میں امریکا کے 5,100 سے زائد بالغ افراد کا تین دہائیوں کے دوران ان کی ورزش کی عادات، تمباکو نوشی کے استعمال اور جسمانی صحت کے بارے میں سوالنامے پر کرواکر جائزہ لیا گیا۔
اس تحقیق کے نتائج کے مطابق جسمانی سرگرمی کی سطح 18 سے 40 سال کی عمر تک بتدریج کم ہوتی گئی ہائی بلڈ پریشر کی شرح میں اضافہ نوٹ کیا گیا۔
محققین کا کہنا ہے کہ ورزش کو فروغ دے کر درمیانی عمر میں ہائی بلڈ پریشر کو روکا جا سکتاہے۔
تحقیق میں شامل ایسے تمام شرکاء جنہوں نے ابتدائی بالغ ہونے کے دوران ہفتے میں پانچ گھنٹے اعتدال پسند ورزش کی تھی ان میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ کافی حد تک کم تھا۔ یہی وجہ ہے محققین نے اس بات زور دیا ہے اگر درمیانی عمر میں ہائی بلڈ پریشر سے بچنا چاہتے ہیں تو ہفتے میں کم از کم دوبار ورزش کرنا بے حد ضروری ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News