
لونگ کی چائے کے ان فائدوں سے واقف ہیں ؟
لونگ گرم مصالحے میں موجود ایک انتہائی صحت بخش مصالحہ ہے جس کا استعمال صدیوں سے کھانے میں خوشبو اور ذائقے کے ساتھ کئی امراض میں بطور دوا بھی کیا جارہا ہے۔
لونگ کا ذائقہ قدرے میٹھا دارچینی سے ملتا جلتا ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے میٹھے اور نمکین دونوں طرح کے پکوانوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔اس کا مزاج گرم ہوتا ہے تاہم یہ ننھا سا لونگ اپنے اندر صحت کے بیش بہا خزانے رکھتا ہے۔لانگ کو ثابت استعمال کریں یا اس کا تیل یہ ہر صورت میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے تاہم یہاں پر لونگ کی چائے کی افادیت بیان کی جارہی ہے جو کئی امراض کے لیے کسی مسیحا سے کم نہیں۔
سب سے پہلے لونگ کی چائے بنانے کا طریقہ جان لیں
ایک کپ پانی کو ابال کر اس میں 2 سے 4 لونگ شامل کر یں اور اسے اس وقت ابلنے دیں جب تک اس میں لونگ کا عرق اچھی طرح شامل ہوجائے اور اس کا رنگ قدرے تبدیل ہوجائے پھر اسے ٹھنڈا ہونے پر چھان لیں ذائقے کو بہتر بنانے کے لیے اس میں شہد کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
لونگ کی چائے کے فوائد
بہتر ہاضمہ
لونگ کی چائے کا باقاعدگی سے استعمال ہاضمے کے مسائل کو دور کرتا ہے۔ یہ ہاضمے کے خامروں کی پیداوار کو تیز کرنے میں اپنی مثال نہیں رکھتا۔اگر آپ کواکثر گیس، اپھارہ یا بدہضمی کا سامنا رہتا ہے تو کھانے کے بعد ایک گرم کپ لونگ کی چائے ان مسائل کو حل کرنے کے لیے کافی ہیں۔
وزن میں کمی
وزن میں کمی کے خواشمند افراد لونگ کے چائے کو غذا میں شامل کر کے وزن میں کمی جیسا ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔ لونگ میں موجود مرکبات خون میں شکر کی سطح کو کنٹرول کرنے، کھانے کی خواہش کو کم کرنے اور کھانے کے لیے زیادہ متوازن انداز کو فروغ دینے میں مدد کر سکتے ہیں۔
دانت کا درد دور
لونگ کی چائے صرف ایک ذائقہ دار مشروب ہی نہیں ہے بلکہ یہ دانت کے درد کے لیے ایک آرام دہ بام بھی ہے۔ لونگ کو طویل عرصے سے اس کے درد کش خصوصیات کی بنا پر دانتوں کے درد کو دور کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ لونگ کے پانی سے کلی کرنے پر دانت کے درد سے راحت ملتی ہے اور دانت میں درد ہونے کی صورت میں یہ ایک آسان سا علاج ہے۔
بیکٹیریل انفیکشن سے تحفظ
لونگ کی چائے بیکٹیریل انفیکشن کے خلاف بھرپور انداز میں کام کرتی ہے۔ لونگ میں جراثیم کش خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو آپ کے جسم کو نقصان دہ بیکٹیریا سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ لونگ کی چائے کا باقاعدگی سے استعمال مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دے سکتا ہے، مختلف بیکٹیریل حملہ آوروں کے خلاف آپ کے جسم کے دفاع کو مضبوط کرتا ہے۔
تناؤ میں کمی
لونگ کی مسحور کن مہک دماغ پر پرسکون اثر ڈالتی ہے، تناؤ کو کم کرنے اور سکون کو فروغ دینے میں مدد کرتی ہے۔تناؤ کی صورت میں میں ایک کپ لونگ کی چائے لیں اور تناؤ کو دور کریں۔
بہترین ہینڈ سینیٹائزر
بہت سے لوگ اسے نہیں جانتے، لیکن لونگ کا پانی ہینڈ سینیٹائزر کا کام کر سکتا ہے۔لونگ کی جراثیم کش خصوصیات اسے آپ کے ہاتھوں کو صاف اور جراثیم سے پاک رکھنے کے اختیارات میں سے ایک بناتی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News