بیوی کو دن میں 100 بار فون کرنے پر شوہر گرفتار
ایک 38 سالہ جاپانی شہری کو حال ہی میں اپنی بیوی کے فون اسٹاکنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ، واضح رہے کہ وہ روزانہ 100 سے زیادہ بار اپنی بیوی کو گمنام نمبروں سے فون کالز کرکے خاموشی اختیار کرتا، یہاں تک کہ وہ فون بند کر دیتی۔
10 جولائی کو، جاپان کے ہیوگو پریفیکچر کے شہر امیگا ساکی میں ایک 31 سالہ خاتون کو غیر معمولی فون کالز ملنا شروع ہوئیں۔ کال کرنے والا ہمیشہ خاموش رہتا تھا، جس کی وجہ سے خاتون کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے پاس گمنام نمبر سے آنے والی کالز کا کوئی حل نہیں تھا، اور اکثر دنوں میں اسے درجنوں کالز موصول ہوتیں، جبکہ کبھی کبھی یہ فون اسٹاکر 100 بار سے زیادہ فون کرتا تھا۔ خوش قسمتی سے، یہ کالیں رات کے وقت یا جب وہ شوہر کے فون پر ویڈیو گیمز کھیلتی، نہیں آتی تھیں، جس نے اس کے ذہن میں یہ سوال کھڑا کیا کہ یہ پراسرار کالر کون ہو سکتا ہے۔
جولائی سے اگست میں تبدیل ہوتے ہی، خاتون نے اپنے اسٹاکر کو بے نقاب کرنے کے طریقے سوچنا شروع کر دیئے۔ کالز کے پیٹرن کو دیکھتے ہوئے، اسے اپنے شوہر پر شبہ ہونے لگا۔ جب بھی وہ رات کو ایک ہی بستر پر سوتے یا شوہر کے فون پر گیمز کھیلتی، اس وقت اسے کوئی کال موصول نہیں ہوتیں۔
آخرکار، 31 سالہ خاتون نے پولیس سے مدد مانگی اور اپنے شبے کا اظہار کیا کہ فون کالز کرنے والا اسٹاکر اس کا شوہر ہو سکتا ہے۔ تحقیقات کے بعد، پولیس نے خاتون کے خدشات کی تصدیق کی اور 4 ستمبر کو اس کے شوہر کو امیگا ساکی میں جاپان کے اینٹی اسٹاکنگ قانون کی خلاف ورزی کے جرم میں گرفتار کر لیا۔
جب اس سے پوچھا گیا کہ اس نے ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک اپنی بیوی کو کالز کیوں کیں، تو اس نے سادگی سے جواب دیا، کہ میں اپنی بیوی سے محبت کرتا ہوں، اور کالز کیں لیکن کچھ نہیں کہا، جیسے کہ اسٹاکنگ اس کی محبت کا ثبوت تھی۔
جاپانی ثقافت میں یہ عام ہے کہ شادی شدہ جوڑے علیحدہ رہتے ہیں، خاص طور پر جب کسی کو ملازمت کے سبب منتقل ہونا پڑے، اور کبھی کبھار ایک شریک حیات اتنا حسد میں مبتلا ہو جاتا ہے کہ وہ دوسرے کو اسٹاک کرنا شروع کر دیتا ہے۔ تاہم، امیگا ساکی کی پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے جس میں میاں بیوی ساتھ رہتے ہوئے جاسوسی کرنے لگے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
