
سگریٹ نوشی چھوڑنا اتنا مشکل کیوں ہے؟ ماہرین نے بتادیا
سگریٹ نوشی ایک ایسا عمل ہے جسے چھوڑنا آسان نہیں۔ اس کی سائنسی وجہ یہ ہے کہ سگریٹ نوشی نشے کی لت کی طرح کام کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ، زبردست قوت ارادی اور بعض اوقات پیشہ ورانہ مدد کے بغیر، تمباکو نوشی چھوڑنا مشکل ہو جاتا ہے۔
موجودہ دور میں تمباکو نوشی تقریباً تمام ہی کلچر کا حصہ بن چکی ہے، جبکہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اکثر مشہور شخصیات کے ذریعے سگریٹ نوشی کو خوبصورت انداز میں پیش کرتی ہے، جس کی وجہ سے اس عادت سے بچنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
یہاں کچھ اہم نکات پیش کیے جارہے ہیں جو وضاحت کرتے ہیں کہ سگریٹ نوشی فوراً کیوں نہیں چھوڑی جا سکتی۔
سگریٹ کا بنیادی جزو نکوٹین ہے۔ ہر سگریٹ میں تقریباً 10-12 ملی گرام نکوٹین ہوتا ہے۔ یہ اس طرح سے تیار کیا جاتا ہے کہ نکوٹین آہستہ آہستہ دماغ میں پھیلتا ہے، اور ڈوپامین کو خارج کرتا ہے۔ ڈوپامین کا اخراج سگریٹ پینے کو خوشگوار بناتا ہے۔
اس طرح آہستہ آہستہ آپ کا دماغ نکوٹین کا عادی ہو جاتا ہے۔ جب بھی آپ کو پریشانی ہوتی ہے، آپ کا دماغ فوری آرام کے لیے سگریٹ نوشی کی طلب محسوس کرتا ہے۔
جب بھی آپ سگریٹ چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں، آپ کا دماغ چڑچڑا ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں آپ کو بے چینی محسوس ہوتی ہے اور آپ کو توجہ دینے میں دشواری پیش آنے لگتی ہے، اس کے علاوہ بعض صورتوں میں نیند کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، جو سگریٹ چھوڑنے کو مزید مشکل بنا دیتا ہے۔
سگریٹ نوشی ہمیشہ کے لیے چھوڑنے کے لیے آپ کیا کر سکتے ہیں؟ سگریٹ نوشی چھوڑنا آسان نہیں ہے کیونکہ یہ آپ کے دماغ میں خوشی کا احساس پیدا کرتا ہے۔ اس کا حل یہ ہے کہ نکوٹین کی طلب کو روکیں اور اس کے بغیر زندگی گزارنا سیکھیں۔
یہاں کچھ طریقے ہیں جن سے آپ اپنی سگریٹ نوشی کی طلب کو کم کر سکتے ہیں
اپنے محرکات کو سمجھیں:
کئی صورتیں سگریٹ نوشی کی طلب کو بڑھا سکتی ہیں۔ کچھ لوگ دباؤ، اضطراب، یا بوریت کی وجہ سے سگریٹ پیتے ہیں۔ کچھ لوگ دوسروں کو سگریٹ پیتے ہوئے دیکھ کر اس کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ کچھ لوگ کھانا کھانے یا کافی پینے کے بعد عادتاً سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ اس لیے، ان محرکات کی نشاندہی کرنا آپ کو سگریٹ چھوڑنے میں مدد دے سکتا ہے۔
خود کو مصروف رکھیں:
جب بھی آپ کو سگریٹ کی طلب محسوس ہو، اپنے دماغ کو اس سے ہٹانے کی کوشش کریں۔ آپ کوئی پہیلی حل کر سکتے ہیں یا چیونگم چبا سکتے ہیں۔ آپ کوئی گھریلو کام کر سکتے ہیں یا اپنے خاندان کے کسی فرد سے بات کر سکتے ہیں۔ بنیادی طور پر، جب بھی آپ کو طلب محسوس ہو، خود کو مصروف رکھیں۔
جسمانی سرگرمی شروع کریں:
تھوڑی سی چہل قدمی یا دوڑنے سے آپ کا دماغ تازگی اور سکون محسوس کرے گا، اس طرح آپ کو سگریٹ چھوڑنے میں مدد ملے گی۔ اگر آپ دفتر میں ہیں، تو آپ اسٹریچنگ کی مشقیں، سیڑھیاں چڑھنے، یا کچھ جمپنگ جیکس کر سکتے ہیں۔
آرام کی تکنیکیں آزمائیں:
آرام کی تکنیکیں آپ کے دماغ کو پرسکون کر سکتی ہیں اور سگریٹ نوشی کی طلب کو کم کر سکتی ہیں۔ آپ یوگا یا دیگر ذہنی مشقیں آزما سکتے ہیں۔ دعا کرنا اور مراقبہ بھی آپ کو اس عادت سے چھٹکارہ دلانے میں مدد کرسکتا ہے۔
نکوٹین متبادل تھراپی پر غور کریں:
آپ اپنے ڈاکٹر سے سگریٹ چھوڑنے کے لیے اضافی مدد طلب کر سکتے ہیں۔ آپ کا ڈاکٹر مختصر مدت کے لیے نکوٹین متبادل علاج جیسے ناک کے اسپرے، انہیلر اور نکوٹین گم تجویز کر سکتا ہے۔ یہ مختصر مدت کے علاج شدید طلب کو کم کرنے اور آپ کو نکوٹین کے بغیر زندگی گزارنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
مدد طلب کریں:
کسی سپورٹ گروپ میں شامل ہوں اور سیشنز میں شرکت کریں۔ دوسروں کی کہانیاں سننے سے آپ کو حوصلہ ملے گا۔ آپ کسی ماہر نفسیات سے مشورہ بھی لے سکتے ہیں۔
تمباکو نوشی کی لت سے چھٹکارا حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے، لیکن آپ اسے مضبوط قوت ارادی اور عزم کے ساتھ حاصل کر سکتے ہیں۔ اپنے خاندان اور دوستوں کی مدد حاصل کرنے سے نہ گھبرائیں۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ سگریٹ نوشی چھوڑنے سے نہ صرف آپ کو فائدہ ہوگا بلکہ آپ کے پیاروں کو بھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News