
’’اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے نظر انداز اور فراموش کیے گئے خطوں اور ثقافتوں کو فروغ دیں‘‘ آئمہ بیگ
گلوکارہ آئمہ بیگ ساحر علی بگا کے ساتھ اپنا نیا گانا ’وشملے‘ ریلیز کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ گانا پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کی بھرپور ثقافت، روایات اور رسم و رواج کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔آئمہ بیگ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر لکھا، ’’میری خواہش تھی کہ یہ گانا بلوچ ثقافت، ان کی میٹھی زبان اور ان کی خوبصورت روایات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنایا جائے۔ یہ ہمارے سب سے بڑے صوبے کی بھرپور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’چاہے سرائیکی ہو یا پنجابی، میں نے ہمیشہ اپنی ثقافتوں کی حمایت کی ہے۔ ذاتی طور پر میں سمجھتی ہوں کہ ہم مراعات یافتہ افراد کو اپنے طویل عرصے سے نظر انداز اور فراموش کیے گئے علاقوں اور ثقافتوں کو فروغ دینا چاہیے۔‘‘
حال ہی میں آئمہ بیگ اور ساحر علی بگا نے ایک آفیشل پوسٹر کے ذریعے اپنے اگلے میوزک پروجیکٹ کی ایک جھلک آن لائن شیئر کی۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق، وشملے گانا ساحر علی بگا کی سب سے زیادہ پرجوش اور مشکل کوششوں میں سے ایک ہوگا۔ اس میں بلوچی، پنجابی اور اردو زبانوں کے بول شامل ہوں گے اور یہ ’ہماری تین عظیم زبانوں کا شاندار مرکب‘ ہوگا۔ گانے کی میوزک ویڈیو کی ہدایات عدنان قاضی نے دی ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق، ’’وشملے دو محبت کرنے والوں کے درمیان ایک میٹھے لیکن مہذب تعامل کو سمیٹتا ہے، جس کی تکمیل ایک خاص دھن سے ہوتی ہے، جسے ہم پاکستانی یا ’لیوا‘ دھن کہتے ہیں۔ ہم نے سننے والوں کے لیے اس دھن میں معمولی تبدیلی کی ہے۔‘‘
ساحر علی بگا نے مزید کہا، ’’یہ گانا اپنے آپ میں ایک جشن ہے۔ میوزک ویڈیو بہت زبردست ہے اور ہماری شاندار ثقافت کو بہترین طریقے سے پیش کرتی ہے اور اسے فروغ دیتی ہے۔ یہاں تک کہ مرکزی گلوکار، آئمہ بیگ اور میں نے اس گانے کو ایک ایسے انداز میں گایا ہے جو ہماری ثقافت کے اعتبار سے مستند ہے۔ ہماری یہ تخلیق واقعی حیرت انگیز ہے اور مجھے امید ہے کہ ہمارے پرستار اس سے لطف اندوز ہوں گے۔‘‘
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News