
موسیقی کی سب سے بڑی رات گریمی ایوارڈز کے موقع پر فیشن کے کچھ معروف ترین انداز سامنے آئے جہاں موسیقی کے روشن ستاروں نے شوخ و نُمایاں رنگوں، دلکش انداز، پُرتعیّش ملبوسات اور بدن کے اسرار ورمُوز عیاں کرتے گاؤنز میں اپنے اعلیٰ فیشن سے ریڈ کارپٹ کو رونق بخشی۔
جہاں آسکر ہالی ووڈ کے گلیمر کے ایک مخصوص برانڈ کو اپنانے کے لیے جانا جاتا ہے، گریمی ایوارڈز میں آپ کے رُوبرو فیشن کے کچھ انتہائی مشہور انداز اُبھرے جیسے کہ 2000ء میں جینیفر لوپیز کا سبز ورساچی گاؤن۔
آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں کہ گریمی ایوارڈز کی تقریبات میں شریک موسیقی کے درخشاں ستاروں نے کیا زیب تن کیا تھا؛
قوس و قزح کے رنگ
اگر آپ ریڈ کارپٹ پر توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو شوخ رنگوں کا اثر جادوئی ہے۔
لیزو (Lizzo) جنہوں نے ’’About Damn Time‘‘ کے لیے ریکارڈ آف دی ایئر کا اعزاز جیتا ہے، عظیم الشان فیشن ڈرامے میں ڈولچی اینڈ گبانا کے بڑے بڑے پھولوں والے نارنجی رنگ کے کیپ اور پیچ آئی شیڈو سے میچ کرتے کارسیٹڈ گاؤن میں ملبوس، فنگرلیس میش دستانوں اور ان سے میل کھاتے نیل آرٹ کے ساتھ جلوہ افروز ہوئیں۔
ٹیلر سوئفٹ جنہوں نے ’’All Too Well‘‘ کے لیے بہترین میوزک وڈیو کا گریمی جیتا ہے، اپنے البم کے ٹائٹل Midnights” ‘‘ کو مدنظر رکھتے ہوئے رابرٹو کیویلی کے نیلگوں جامنی رنگ کے لمبے بازو والے کراپ ٹاپ اور لانگ اسکرٹ میں حاضرین کو مبہوت کرتی نظر آئیں۔
ایڈیل (Adele) جنہوں نے بہترین پاپ سولو پرفارمنس کا اعزاز حاصل کیا ہے، لوئس وٹون کے اسکلپچر شولڈر رفلز اور گہرے گلے والے طویل برگنڈی گاؤن میں ملبوس نگاہوں کو متاثر کر رہی تھیں۔ وہ تقریب میں لیزو کے ہمراہ بیٹھی ہوئی تھیں۔
سپر پروڈیوسر فیرل ولیمز سرخ چمڑے جیسے فر کوٹ اور خوبصورت سن گلاسز کے ساتھ تقریب کی شان بڑھا رہے تھے۔
پاپ ڈریم بوٹ ہیری اسٹائلز جنہوں نے البم آف دی ایئر کا اعزاز اور بہترین پاپ ووکل البم کا ایوارڈ جیتا ہے، ظاہر ہوتا تھا کہ وہ ایوارڈ شو کے لیے کوئی ایک رنگ منتخب نہیں کرسکے اس لیے انہوں نے اپنے لباس میں سارے ہی رنگ استعمال کر لیے۔
برطانوی گلوکار نے سوارووسکی کرسٹلز سے ڈھکے قوس قزح کے ہر رنگ کا ایک چمکدار ہارلیکوئن پیٹرن کا بغیر آستین والا جمپ سوٹ پہنا ہوا تھا جس میں سے اُن کے جسم پر گدے ٹیٹو نمایاں تھے۔
کنٹری فوک راکر برانڈی کارلائل (Brandi Carlile) نے لمبے کوٹ اور پاپ آف کلر کے ساتھ ورساچی کا ایک چمک دار سیاہ سوٹ زیب تن کیا ہوا تھا جس کا فوشیا بلاؤز اُن کے گریمی کے فاتح گانے ’’بروکن ہارسز‘‘ کی پرفارمنس کے دوران خاصا واضح تھا۔
سیاہ رنگ میں نُمایاں
بلاشبہ کچھ ستاروں نے روایتی مگر پُرکشش سیاہ رنگ کا انتخاب کیا تھا۔
گزشتہ سال بہترین نئے آرٹسٹ کا گریمی جیتنے والی اولیویا روڈریگو (Olivia Rodrigo) بھی کئی حالیہ شوبز ریڈ کارپٹس کی طرح سیاہ رنگ کے فرشی گاؤن میں نظر آئیں۔
برازیل کی سپر اسٹار انیٹا (Anitta) جنہیں اس سال بہترین نئے آرٹسٹ کا اعزاز ملا ہے، انہوں نے بھی اس رجحان کو سمجھا اور ایک اسٹریپ لیس ورساچی گاؤن میں ملبوس نظر آئیں۔
ڈوجا کیٹ (Doja Cat) جنہوں نے پیرس فیشن ویک میں اپنے شاندار انداز اور بھڑکیلے میک اپ سے فیشن کے متوالوں کو دیوانہ کیا تھا، ایک اور ورساچی لباس میں نظر آئیں جس کا ایک کندھے والا لیٹیکس فراک ان کے جسم سے چپکا ہوا تھا اور لمبے دستانوں پر ختم ہوتا تھا۔
32 گریمی ایوارڈز جیتنے والی بیونسے کا اپنا ہی ایک معیار ہے جو ان کے فیشن پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ میزبان ٹریور نوح کے مطابق، 41 سالہ سپر اسٹار ٹریفک کے باعث تقریب میں ایک گھنٹے سے زیادہ تاخیر سے پہنچیں۔ اُنہوں نے چمکتے سلور رنگ کے اسکرٹ کے ساتھ کمر تک کٹا ہوا اسٹریپ لیس گُوچی کورسیٹ گاؤن زیب تن کیا تھا۔
گریمی کی نئی ملکہ نے کہنی تک لمبے دستانے بھی پہن رکھے تھے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News