
امتیازگروپ آف کمپنیز نے اپنی امتیازسپرمارکیٹ زمزمہ برانچ میں جمہوریہ ترکیہ کا 99واں یوم جمہوریہ منایا۔
تقریب میں کراچی میں جمہوریہ ترکیہ کے قونصل جنرل کیمل سانگو نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی اور نائب قونصل جنرل اوگوز کو زانلی اور جمہوریہ ترکیہ کے کمرشل اتاشی ایوپ یلدرم نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔
کیمل سانگو نے امتیازسپرمارکیٹ کےزمزمہ اسٹور پرترک مصنوعات کے لیے مخصوص بوتھ کا افتتاح کیا، جس پر پاکستانی صارفین کے لیے امتیازسپرمارکیٹ میں دستیاب 500 سے زائد ’’میڈ اِن ترکیہ‘‘ مصنوعات شامل ہیں۔
ترک قونصل جنرل نے کہا کہ انہیں ترکیہ کے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے امتیازسپرمارکیٹ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی اور امتیاز گروپ کی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ترکیہ اور اس کے عوام سے محبت کے اظہار کے لیے ایک شان دار شو پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے پاکستان کے ساتھ بہت گہرے معاشی، ثقافتی اور سیاسی تعلقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اورترکیہ کے تعلقات کی تاریخ تحریک خلافت اورترکیہ کی جنگ آزادی سے شروع ہوئی، جب اس خطے کے لوگوں نے اپنے ترک بھائیوں کی غیر معمولی مدد کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اورقریبی تعلقات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے اقتصادی اور کاروباری شعبوں میں جرات مندانہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیاں نہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری کریں بلکہ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ ملک میں مینوفیکچرنگ شروع کرنے کے لیے مشترکہ منصوبوں کا بھی آغٓز کریں۔
امتیازگروپ آف کمپنیز کے چیئرمین امتیازعباسی نے اس موقع پرقونصل جنرل اوران کی ٹیم کی موجودگی پران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اورترکیہ مضبوط برادر ممالک ہیں اوربلاشبہ اسٹریٹجک لحاظ سے اہم اوراقتصادی طورپرفائدہ مند تعلقات رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان تعلقات کا سب سے اہم پہلو اقتصادی اورتجارتی تعلقات کو آسان اور مضبوط بنانے کے لیے مستحکم سیاسی عزم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ پاکستان کو انفراسٹرکچر، نقل و حمل، توانائی اوربحری جہازوں اوربحری بیڑوں کی تعمیر میں مدد فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اورترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت مثبت سمت کی جانب بڑھ رہی ہے اورمیں پر امید ہوں کہ ہم اپنی سابقہ سطح 1 ارب ڈالر سے زیادہ حاصل کر لیں گے، تاہم اس کی رفتارکافی سست ہے۔ تاہم، دوطرفہ تجارت کے حالیہ اعداد وشمار 804 ملین ڈالرکی نشاندہی کرتے ہیں۔
امتیاز عباسی نے کہا کہ ترکیہ کو پاکستان کی برآمدات 304 ملین ڈالر جب کہ درآمدات 500 ملین ڈالرریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس طرح دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں اور سفارتی مشنزکو آزادانہ تجارتی معاہدے کے لیے جلد مذاکرات اور تمام مسائل کے حل کے لیے پیش قدمی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی، تجارتی اورصنعتی تعلقات کی ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تجارتی نیٹ ورک کو وسیع کیا جائے جودونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
تقریب کا اختتام صدر کے شکریہ اور مہمان خصوصی اور معزز مہمانوں کو تحائف پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News