
سندھ ہائی کورٹ نے زہرہ کاظمی کی ذہنی حالت کا جائزہ لینے کے لیے ایک نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا
ایک نوعمر لڑکی زہرہ کاظمی جو اپریل میں کراچی میں اپنے گھر کے قریب گلی سے لاپتہ ہو گئی تھی اور بعد ازاں اس نے پنجاب میں ایک نوجوان سے شادی کر لی تھی، کے پراسرار کیس نے نیا موڑ لے لیا ہے جہاں اس کی ذہنی حالت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
زہرہ کاظمی کی ذہنی حالت کا جائزہ لینے کے لیے تعینات ماہر نفسیات نے سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران بتایا کہ لڑکی میں نفسیاتی عارضے کی علامات ظاہر ہوئی تھیں، جس کے بعد عدالت نے اب محکمہ صحت کو اس کی نفسیاتی تشخیص کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔
یہ فیصلہ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور نے، لڑکی کے مبینہ شوہر ظہیر احمد کی جانب سے اس کا طبی قانونی معائنہ کرانے کے ٹرائل کورٹ کے حکم کے خلاف دائر اپیل میں، جاری کیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کم سن لڑکی کی دماغی حالت کا جائزہ لینے کے لیے مقرر کی گئی ماہر نفسیات میں سے ایک ڈاکٹر خود حال ہی میں اس طرح کا برتاؤ کر رہی ہیں جس نے ان کی اپنی ذہنی صحت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
لیاری جنرل ہسپتال کی ڈاکٹر، ڈاکٹر فاطمہ ریاض نے سماعت کے آغاز پر ہی کمرہ عدالت میں ڈرامہ شروع کر دیا جب وہ جج کو سیل بند لفافہ پیش کرنے کے لیے بینچ کی طرف بڑھیں لیکن عدالتی عملے نے انہیں روک دیا۔ اس کے بعد انہوں نے چیخنا چلانا شروع کر دیا، زہرہ کاظمی کے والد مہدی کاظمی پر الزام لگایا کہ وہ ان سے ایک ایسی رپورٹ پیش کرنے کے لیے رابطہ کر رہے ہیں جو ان کے کیس کی حمایت کرے، اور صوبائی وزیر شہلا رضا نے انہیں ایسا نہ کرنے کی صورت میں دھمکی بھی دی تھی۔
جسٹس پنہور نے انہیں تسلی دینے کی کوشش کی اور یقین دلایا کہ عدالت مبینہ دھمکیوں کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے ڈاکٹر فاطمہ کو بتایا کہ وہ عدالت سے براہ راست مخاطب نہیں ہوسکتیں اور صوبائی محکمہ صحت کے ذریعے اپنی رپورٹ پیش کریں جسے یہ کام سونپا گیا ہے۔
تاہم، ڈاکٹر فاطمہ کے اصرار پر معزز عدالت نے ان کی رپورٹ کو ریکارڈ پر لے لیا۔
اس مقدمے میں لڑکی کے والد مہدی کاظمی کے وکیل ایڈووکیٹ جبران ناصر نے ڈاکٹر فاطمہ کے رویے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھے کئی پیغامات بھیجے ہیں جن میں لڑکی کے والدین پر سنگین الزامات ہیں۔ جبران ناصر نے کہا کہ ڈاکٹر فاطمہ، مہدی کاظمی کے گھر بھی گئی تھیں، اور بعد میں الزام لگایا کہ مہدی کاظمی نے انہیں اپنے حق میں رپورٹ حاصل کرنے کے لیے کچھ تحائف دیے ہیں۔ جبران ناصر نے کہا کہ ڈاکٹر فاطمہ، زہرہ کاظمی کے نفسیاتی تجزیے کے عمل کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
جبران ناصر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 12 اکتوبر کے اپنے حکم کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے لیاری جنرل اسپتال کی ماہر نفسیات ڈاکٹر فاطمہ ریاض اور کراچی یونیورسٹی کی کلینیکل سائیکالوجسٹ ڈاکٹر عظمیٰ علی کو لڑکی کی نفسیاتی تشخیص کے لیے تعینات کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ تشخیص کے بعد اپنی رپورٹ جمع کروائیں۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 28 اکتوبر کو ڈاکٹر فاطمہ نے جبران ناصر اور زہرہ کاظمی کے والد مہدی کاظمی دونوں کو واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنا شروع کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ پیغامات ’’انتہائی عجیب، بے ہودہ اور یہاں تک کہ قابل اعتراض‘‘ تھے، جو عالمی سیاسی سازشوں، تیسری عالمی جنگ، پاکستان کے سیاسی مستقبل کی پیش گوئی، اور لڑکی کو ایک روبوٹ قرار دینے سے متعلق تھے۔
ڈاکٹر فاطمہ نے اپنی ساتھی اورمیڈیکل بورڈ کی رکن ڈاکٹر عظمیٰ علی پر بھی ذاتی الزامات لگائے، جبران ناصر نے ڈاکٹر فاطمہ کا ایک پیغام پڑھ کر سنایا، ’’ وہ (ڈاکٹر عظمیٰ) فریقِ مخالف سے ہیں، کرپٹ ہیں، صرف میں صحیح ہوں۔‘‘
جبران ناصر نے بتایا کہ 29 اکتوبر کو ڈاکٹر فاطمہ نے انہیں دو بے ہودہ فون کالز کیں۔ پہلی کال میں، انہوں نے بدتمیزی سے پوچھا کہ انہیں اپنی رپورٹ کب جمع کروانی تھی۔ کچھ ہی دیر بعد انہوں نے دوبارہ کال کی، اور اس بار وہ یہ کہتے ہوئے رونے لگیں کہ ان کا فون ہیک ہو گیا ہے اور ان کی جان کو خطرہ ہے، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیاری جنرل ہسپتال انہیں قتل کرنا چاہتے ہیں۔
جبران ناصر نے بتایا کہ اسی دن انہوں نے مہدی کاظمی کو فون کیا اور ان کے اور ان کی بیٹی لڑکی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ اس کے بعد وہ غیر اعلانیہ طور پر مہدی کاظمی کے گھر پہنچیں اور گلی میں ایک تماشہ شروع کر دیا۔ جب مہدی کاظمی نے انہیں اندر جانے سے منع کر دیا تو وہ مہدی کاظمی کے سسرال میں گھس گئیں جو سامنے واقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے کی سی سی ٹی وی فوٹیج محکمہ صحت کے چیف ٹیکنیکل آفیسر فیض منگی کو بھیج دی گئی ہے جنہوں نے اس کیس پر ڈاکٹر فاطمہ ریاض کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن پر دستخط کیے۔
جبران ناصر نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں معلوم ہوا کہ اسی دن ڈاکٹر فاطمہ نے کراچی کی پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی تاکہ ان سے زہرہ کاظمی کے معائنے کی کچھ خفیہ تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اور ساتھ ہی عالمی سازش کے حوالے سے ان کے ’عجیب دعووں‘ کو بھی دہرایا۔
اور پھر پیشہ ورانہ اخلاقیات کی ایک اور صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے، ڈاکٹر فاطمہ نے انہیں (جبران) اپنی رپورٹ کی ایک ہاتھ سے لکھی ہوئی کاپی بھیجی جسے انہوں نے کہا کہ وہ عدالت میں جمع کرائیں گی۔
جبران ناصر نے بتایا کہ اگرچہ مذکورہ رپورٹ کا ایک باریک مشاہدہ یہ ظاہر کرے گا کہ یہ ان کے مؤکل (مہدی کاظمی) کے کیس کے حق میں ہے، لیکن ڈاکٹر فاطمہ کی ذہنی حالت اور افعال کو دیکھتے ہوئے، ان کا مؤکل ان کی طرف سے پیش کی گئی کسی بھی رپورٹ پر اعتماد نہیں کر سکے گا۔
جبران ناصر نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ان تمام حقائق کی تفصیل کے ساتھ صوبائی محکمہ صحت کو ایک باضابطہ شکایت بھیجی ہے، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ زہرہ کاظمی کی ذہنی حالت کا جائزہ لینے کے لیے ایک مناسب اور اہل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
جبران ناصر کو سننے کے بعد جسٹس پنہور نے ٹرائل کورٹ کے حکم کے خلاف ظہیر احمد کی درخواست خارج کر دی۔ ٹرائل کورٹ ظہیر، اس کے بھائی، والدہ اور دیگر ملزمان کے خلاف زہرہ کاظمی کو اغوا کرنے اور چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زہرہ کاظمی کے ساتھ شادی کرنے کے الزام میں کارروائی کر رہی ہے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News