
متعدد علاقوں کی غیر منصفانہ حد بندیوں پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ ایک منظم مہم نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اس ہفتے حیدرآباد میں زبردست کامیابی حاصل کرنے میں مدد دی۔
صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں بڑی فتح کی بدولت کافی عرصے بعد پیپلز پارٹی کا اپنا میئر لانا ممکن ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کو حیدرآباد کی دوسری مقبول ترین جماعت ہونے کے باوجود کم ٹرن آؤٹ کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا اور وہ انتخابات میں کوئی واضح اثر نہیں دکھا سکی جب کہ کچھ دیگر مذہبی جماعتیں بھی غلط حلقہ بندیوں کا شکار ہوئیں۔
حیدرآباد کو 9 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں نیرون کوٹ، میاں سرفراز، پریٹ آباد، سچل سرمست، شاہ لطیف، حسین آباد، قاسم آباد، ٹنڈو فضل اور ٹنڈوجام شامل ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے علاوہ ضلع حیدرآباد کی 160 یونین کمیٹیوں کے بلدیاتی انتخابات میں متعدد امیدواروں نے مقابلہ کیا جہاں پیپلز پارٹی نے کل 160 یونین کمیٹیوں (یو سی) میں سے 90 نشستیں حاصل کیں اور پی ٹی آئی تقریباً 39 نشستیں حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری کردہ عارضی نتائج کی فہرست کے مطابق تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو صرف دو جب کہ جماعت اسلامی (جے آئی) کو ایک نشست ملی۔
اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان نے کل 9 میں سے 7 یوسیز میں اپنے 88 امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن بعد میں غلط حلقہ بندیوں اور دیگر مسائل پر شدید تحفظات کے باعث آخری لمحات میں انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ 14 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے ایک روز قبل پیپلز پارٹی 26 بلامقابلہ نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے بائیکاٹ کے باعث ووٹرز کا ٹرن آؤٹ متاثر ہوا اور ووٹرز کی لمبی قطاریں صرف سندھی بولنے والے علاقوں جیسے قاسم آباد، نیرون کوٹ، حسین آباد اور ضلع کے دیگر حصوں میں دیکھی گئیں اور حیدرآباد کے بیشتر قصبوں میں ٹرن آؤٹ کم رہا۔
تاہم، سرفراز ٹاؤن اور دیگر قصبوں میں جھڑپوں اور تشدد کی چند اطلاعات کے علاوہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پرامن طریقے سے ہوا۔
سیاسی تجزیہ کار بیرسٹر ضمیر احمد گھمرو نے کہا، ’’ایم کیو ایم پاکستان کے بائیکاٹ کا پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ بائیکاٹ سے جماعت اسلامی کو فائدہ ہو سکتا تھا لیکن نہیں ہو سکا۔ پیپلز پارٹی کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی کیونکہ اس کے ایم پی اے اور مقامی رہنماؤں نے سخت محنت کی اور اردو بولنے والے علاقوں میں بھی بلا روک ٹوک مہم چلائی۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوگوں کی اکثریت پیپلز پارٹی کے جمہوری نقطہ نظر اور اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کو برقرار رکھنے کے عزم کی وجہ سے اس کا احترام کرتی ہے، جو ہر قسم کی انتہا پسندی کا فعال طور پر مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے اتنے مضبوط جمہوری اصول ہیں۔
پی ٹی آئی حیدرآباد کے ڈویژنل سینئر نائب صدر ڈاکٹر مستنصر باللہ نے کہا، ’’ہمیں صرف اردو بولنے والے علاقوں سے ووٹ ملے ہیں لیکن سندھی لوگوں نے صرف پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا جب کہ پیپلز پارٹی نے بھی اردو بولنے والوں کے ووٹ جزوی طور پر حاصل کیے۔ دھاندلی اور پرتشدد واقعات کے بعد شکایات کی وجہ سے آٹھ سے دس یوسیز کے نتائج متنازعہ ہیں۔‘‘
حیدرآباد میں پی ٹی آئی اردو بولنے والی جماعت کے طور پر ابھری جب کہ سندھی عوام نے عمران خان کی پارٹی کو مسترد کردیا۔ اسی دوران پیپلز پارٹی نے کراچی میں ایک عجیب حکمت عملی اپنائی جہاں اس نے پٹھان امیدوار کھڑے کیے اور اسی وجہ سے اردو بولنے والوں نے کراچی میں پی ٹی آئی کو مسترد کردیا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News