یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب 25 سالہ کھلاڑی
اپنے آبائی شہر روڑکی سے واپس آرہے تھے
پولیس اور ڈاکٹروں نے بتایا کہ ہندوستانی کرکٹر رشبھ پنت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اسٹار وکٹ کیپر بلے باز نئی دہلی جا رہے تھے کہ ان کی کار سڑک کو تقسیم کرنے والی رکاوٹ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ان کی کارمیں آگ لگ گئی۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب 25 سالہ کھلاڑی اپنے آبائی شہر روڑکی سے واپس آرہے تھے کہ دارالحکومت کے شمال میں ان کی مرسڈیز ایس یو وی سڑک کی درمیانی دیوار سے ٹکرا گئی۔
پولیس نے بتایا کہ کار میں فوری طور پر آگ لگ گئی اور قومی ٹیم کے وکٹ کیپر کو آگ سے بچانے کے لیے ونڈ اسکرین توڑنا پڑی۔
روڑکی سے تعلق رکھنے والے ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر اے ایف پی کو بتایا، ’’کار درمیانی حصے سے ٹکرا گئی تھی اور اس حادثے میں کوئی دوسرا شخص یا گاڑی شامل نہیں تھی۔‘‘
اس حادثے میں رشبھ پنت کو متعدد چوٹیں آئی، اور انہیں پہلے قریبی ہسپتال لے جایا گیا تھا مگر بعد میں انہیں بہتر طبی امداد کے لیے دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کی چوٹوں کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں ان کے سر، ہاتھ اور کمر پر چوٹیں آئی ہیں۔
دہرادون کے میکس ہسپتال کے ایک ڈاکٹر آشیش یاگنک نے نامہ نگاروں کو بتایا، ’’ان کی حالت مستحکم ہے۔ ان کی صحت سے متعلق تفصیلی معلومات ان کے معائنے کے بعد جاری کی جائے گی۔‘‘
شائقین اور ہندوستانی کرکٹ برادری کے اراکین نے اس خبر پر صدمے کا اظہار کیا اور رشبھ پنت کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے ٹویٹر پر کہا، ’’رشبھ پنت کے لیے دعا کر رہا ہوں۔ شکر ہے کہ وہ خطرے سے باہر ہیں۔ جلد صحت یاب ہو جائیں چیمپئن۔‘‘
سابق ہندوستانی کپتان اور موجودہ اسٹار ویرات کوہلی نے بھی ٹویٹر پر رشبھ پنت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
کوہلی نے کہا، ’’جلدی ٹھیک ہو جاؤ رشبھ۔ آپ کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔‘‘
یہاں تک کہ سرحد پار کرکٹرز اور عام طور پر پوری کرکٹ برادری نے ہندوستانی نوجوان کے لیے اظہار تشویش کرتے ہوئے ان کی جلد صحت ابی کے لیے دعا کی۔
پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا کہ ’’ریشبھ پنت کے حادثے کے بارے میں ابھی سنا لیکن یہ جان کر راحت ملی کہ وہ اب ٹھیک ہیں۔ پاکستان کی طرف سے ہمارے پیارے بھائی کے لیے ڈھیروں دعائیں اور نیک تمنائیں بھیج رہا ہوں۔ جلد صحت یاب ہو جائیں۔‘‘
پاکستان کے تجربہ کار کرکٹر محمد حفیظ نے اپنے ہندوستانی حریف کی تصویر پوسٹ کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ نے کہا کہ انہوں نے کرکٹر کے اہل خانہ اور ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں سے بات کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم ان کی صحت میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہیں تمام ضروری مدد فراہم کریں گے۔‘‘
رشبھ پنت کو بدھ کو سری لنکا کے اگلے ہفتے ہونے والے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے دورے کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ان کی 93 رنز کی میچ ونر اننگز، جس سے ہندوستان کو سیریز میں 2-0 سے وائٹ واش کرنے میں مدد ملی، کے چند دن بعد انہیں آرام کا موقع دیا گیا تھا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News