افغان کھلاڑیوں نے احتجاجاً بگ بیش لیگ چھوڑنے کی دھمکی دے دی
آسٹریلیا طالبان کی جانب سے خواتین کے حقوق کو مزید محدود کرنے کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے جمعرات کو متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف ہونے والی کرکٹ سیریز سے دستبردار ہوگیا۔
آسٹریلین مردوں کی ٹیم کو ہندوستان کے دورے کے بعد مارچ میں تین ون ڈے میچوں کے لیے اپنے افغان ہم منصبوں کا سامنا کرنا تھا۔
کابل میں افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے آسٹریلیا کے فیصلے کو ’افسوسناک‘ قرار دیا۔
اے سی بی کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ’’دستبرداری کا فیصلہ غیر منصفانہ اور غیر متوقع ہے اور اس کا منفی اثر پڑے گا۔‘‘ اے سی بی کے اس بیان میں افغانستان میں خواتین کے حقوق کے محدود ہونے اور خواتین کے کھیلوں پر طالبان کی پابندی کا ذکر نہیں کیا گیا۔
اے سی بی نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کرے گا اور جوابی کارروائی کے طور پر اپنے کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کی ڈومیسٹک بگ بیش لیگ سے نکالنے پر غور کر رہا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے کہا کہ یہ فیصلہ متعلقہ فریقوں کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا گیا ہے جس میں آسٹریلوی حکومت بھی شامل ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ’’یہ فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم اور روزگار کے مواقع اور پارکوں اور جموں تک رسائی کی ان کی اہلیت پر مزید پابندیوں کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا افغانستان سمیت دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے لیے کھیل کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم ملک میں خواتین اور لڑکیوں کے بہتر حالات کی توقع میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مشغولیت جاری رکھیں گے۔‘‘
افغانستان کے خلاف میچز آئی سی سی سپر لیگ کا حصہ تھے۔
آسٹریلیا اس سیریز کے لیے 30 مسابقتی پوائنٹس کھو دے گا، جو ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے کی راہ ہموار کرتے۔ تاہم، وہ اس سال کے آخر میں ہندوستان میں ہونے والے 50 اوور کے ٹورنامنٹ کے لیے پہلے ہی خودکار اہلیت حاصل کر چکے ہیں۔
افغان ون ڈے اور ٹیسٹ کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹویٹر پر کرکٹ آسٹریلیا سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کے ساتھ کہا، ’’افغانستان کے شائقین اور لوگ جنہوں نے تنازعات کی وجہ سے بہت نقصان اٹھایا ہے، وہ نہیں چاہتے کہ سیاست کو کھیلوں میں لایا جائے۔
کرکٹ ملک کا سب سے پسندیدہ کھیل ہے اور خوشی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔‘‘
بگ بیش لیگ سے افغان کرکٹرز کا انخلا
افغانستان کے معروف بین الاقوامی کرکٹر اور لیگ اسپنر راشد خان نے کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا اور تجویز دی کہ وہ بگ بیش لیگ سے دستبردار ہوجائیں گے۔

انہوں نے ٹویٹ کیا، ’’اگر افغانستان کے خلاف کھیلنا آسٹریلیا کے لیے اتنا ہی تکلیف دہ ہے تو میں بی بی ایل میں اپنی موجودگی سے کسی کو تکلیف نہیں دینا چاہوں گا۔
لہٰذا، میں اس مقابلے میں اپنے مستقبل پر سنجیدگی سے غور کروں گا۔‘‘
تیز گیند باز نوین الحق نے بھی مشورہ دیا کہ وہ بی بی ایل سے دستبردار ہو جائیں گے جہاں وہ سڈنی سکسرز کے لیے کھیلتے ہیں۔
انہوں نے ٹویٹ کیا، ’’جب کوئی قوم مشکل سے گزر رہی ہو تو سہارا بننے کے بجائے آپ ان کی خوشی کا واحد ذریعہ چھین لینا چاہتے ہیں۔‘‘
طالبان نے اگست 2021ء میں کابل پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا تھا اور جلد ہی کھیلوں میں خواتین کی شرکت پر پابندیاں لگانا شروع کر دیں تھیں۔
سخت گیر اسلام پسندوں نے ابتدائی طور پر 1996ء سے 2001ء تک اپنے پہلے دور اقتدار کے مقابلے میں نرم رویہ اختیار کرنے کا وعدہ کیا تھا، یہ دور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے بدنام تھا جس میں سرعام پھانسی اور کوڑے شامل تھے۔
انہوں نے بتدریج اسلامی قوانین یا شریعت کی انتہائی تشریح کو دوبارہ متعارف کرایا ہے اور خواتین نے عوامی زندگی سے محدود ہونے کے بعد اپنے حقوق کو ختم ہوتے دیکھا ہے۔
طالبان نے نوعمر لڑکیوں کو ثانوی اسکولوں میں جانے سے روک دیا اور پھر گزشتہ ماہ خواتین کے یونیورسٹیوں میں جانے پر پابندی لگا دی، اس کے بعد انہوں نے گزشتہ ماہ کے آخر میں یہ فیصلہ سنایا کہ افغان خواتین این جی اوز کے لیے مزید کام نہیں کر سکتیں، ایک ایسے وقت میں جب افغانستان کو دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک کا سامنا ہے، جہاں 38 ملین میں سے نصف سے زیادہ لوگ خوراک سے محروم اور 30 لاکھ بچے غذائی قلت کے خطرے سے دوچار ہیں۔زیادہ تر خواتین سرکاری ملازمین اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں۔ خواتین کو کسی مرد رشتہ دار کے بغیر سفر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ گھر سے باہر نکلتے وقت برقعہ کے ساتھ پردہ کریں۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News