چین نے فصلوں کے ممکنہ نقائص سے نمٹنے میں مدد کے لیے ملک کے کچھ جنوبی حصوں میں ماہرین کی ٹیمیں بھیجی ہیں کیونکہ ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی مسلسل لہریں موسمِ خزاں کے اناج کی کٹائی کے لیے چیلنج بن رہی ہیں۔
وزارتِ زراعت اور دیہی اُمور کے مطابق گرمی کی لہروں نے گزشتہ ماہ سے جنوبی چین کے بیشتر حصوں کو جھلسا دیا ہے جس کے نتیجے میں چاول کے کھیتوں والی پہاڑیوں کو طویل خشک سالی کا سامنا ہے جہاں فصلیں صرف بارش کے پانی سے ہی سیراب ہوتی ہیں۔
چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے اگلے دو ہفتوں کے لیے خشک و گرم موسم کی پیش گوئی کے پیشِ نظر وزارت نے ماہرین کی 10 ٹیمیں اور تکنیکی ماہرین کے 12 معاون گروپ اناج کی پیداوار کرنے والے بڑے صوبوں کو بھیجے۔ وزارت نے خشک سالی سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے اور اناج کی کمی کو ختم کرنے کے کام کی رہنمائی کے لیے ایک فوری سرکلر بھی جاری کیا۔
جنوبی چین میں چاول کے پودے کی موجودہ افزائش اور پھولوں کی آمد مجموعی پیداوار کے لیے ایک نازک وقت ہے کیونکہ فصلیں درجہ حرارت اور نمی کی تبدیلیوں کے لیے حساس ہوتی ہیں۔ زیادہ درجہ حرارت اور خشک سالی پودوں میں پختگی کی شرح کو متاثر کرے گی اس لیے سرکلر کے مطابق ماہرین کو مختلف علاقوں کے لیے تیر بہدف منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ چاول کی فصل کے لیے درجہ حرارت کو کم کرنے کے مقصد سے باقاعدگی سے پانی دینے اور پودوں میں گرمی کے خلاف مزاحمت کو بڑھانے کے لیے کھاد کا چھڑکاؤ کرنے جیسے اقدامات کو پولن کا اسقاط روکنے کے لیے لاگو کیا جانا چاہیے۔
صوبہ ہنان کے دارالحکومت چانگشا میں محکمہ زراعت اور دیہی امور کے ایک اہلکار زیا لیمنگ نے ملک میں چاول کی پیداوار کرنے والے بڑے علاقوں میں خشک سالی سے لڑنے کے لیے ایک ٹیم کی قیادت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کے لیے پانی کا استعمال گرمی سے ہونے والے نقصان کو روک سکتا ہے اور کھیتوں پر آب و ہوا کے اثرات کو بہتر بنا سکتا ہے۔
زیا لیمنگ نے مزید کہا کہ پانی کے وافر وسائل والے علاقوں میں دن کے وقت آبپاشی اور رات کو پانی نکالنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پودوں کے تحفظ کے لیے دوپہر کے وقت ڈرون کے ذریعے باقاعدگی سے چھڑکاؤ کھیت کی نمی کو بڑھا سکتا ہے اور چاول کی فصل کی اوپری سطح کے درجہ حرارت کو کم کر سکتا ہے جس سے خشک سالی اور گرمی کی لہروں کے اثرات کم ہو سکتے ہیں۔
زیا لیمنگ نے کہا کہ، “سائنسی فرٹیلائزیشن چاول کی خشک سالی کے خلاف مزاحمت کو بھی بہتر بنائے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ گرمی کی لہریں اور خشک سالی پودوں کی بیماریوں کو جنم دے سکتی ہے اس لیے ٹھنڈے اوقات کے دوران وافر پانی کے ساتھ کیڑے مار ادویات کا چھڑکاؤ کیڑوں کی روک تھام اور ان پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
مقامی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فصل کی نشوونما پر نظر رکھتے ہوئے گرمی میں تبدیلیوں کی نگرانی اور فوری انتباہ کے نظام کو مضبوط کریں۔ وزارت نے کہا کہ مٹی کی نمی کی گہری نگرانی ماہرین کو سائنسی طور پر گرمی اور خشک سالی کے اثرات کا اندازہ لگانے میں مدد دے سکتی ہے۔
جیانگ سو کے صوبائی موسمیاتی بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر تانگ ہونگ شینگ نے کہا کہ اب اناج کی پیداوار کے لیے موسمیاتی خدمات کافی اہمیت کی حامل ہیں۔
تانگ نے کہا کہ زرعی اور آفات سے متعلق انتباہی خدمات کے لیے موسم کی درست پیش گوئی مؤثر طریقے سے دیہی عوام تک پہنچنی چاہئیں۔
وزارت نے مقامی حکام کو یہ تاکید بھی کی کہ وہ امدادی سامان جیسے بیج اور کھاد کو ان علاقوں میں بھیجیں جہاں خشک سالی کی وجہ سے فصل کی کاشت میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ مختصر عرصے میں فصلیں دینے والے طریقوں میں کسانوں کی رہنمائی کریں۔
قومی ادارہ شماریات کے ترجمان فُو لنگھوئی نے کہا کہ اس سال موسم خزاں کی فصلوں والے علاقوں میں اضافہ ہوا ہے اور ریموٹ سینسنگ ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ مکئی، چاول اور سویا بین کی افزائش گزشتہ سال کی سطح پر برقرار ہے۔
فُو نے کہا کہ، “ہمیں اگست اور ستمبر میں اناج کی پیداوار پر قدرتی آفات اور پودوں کی بیماریوں کے اثرات پر پوری توجہ دینے کی ضرورت ہے جو موسمِ خزاں کے اناج کی پیداوار کے لیے ایک اہم وقت ہے۔” فُو نے مزید کہا کہ موسم خزاں کے اناج کی اچھی فصل کو یقینی بنانے کے لیے کھیتوں کے انتظام اور کیڑوں کی روک تھام کو بڑھایا جانا چاہیے۔
12 اگست تک انہوئی صوبے نے خشک سالی سے لڑنے کے لیے 13 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر بیج سے نکلنے والے پودوں کی حفاظت اور سائنسی فیلڈ مینجمنٹ کا عمل کیا تھا۔
صوبائی محکمہ زراعت اور دیہی اُمور نے حال ہی میں 16 شہروں کی فیلڈ مینجمنٹ کو مضبوط بنانے اور چاول اور دیگر فصلوں کو گرمی سے پہنچنے والے نقصانات کو کم کرنے کی غرض سے رہنمائی کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دییے ہیں۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
