پنجاب میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ایک اہم کام کا آغاز کیا ہے۔ اس منصوبے کو انصاف اکیڈیمی کا نام دیا گیا ہے اس اکیڈمی کی بدولت صوبے بھر کےہزاروں بچوں کو ای لرننگ یا الیکٹرونک تدریس کےتحت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ تک کے بچے کمپیوٹر اور موبائل فون ایپس کے ذریعے تعلیمی پلیٹ فارم سے وابستہ ہوسکیں گے۔
اس پروگرام میں ماہر اساتذہ مختلف مضامین کے قریباً تمام ابواب کے ویڈیو لیکچر پیش کریں گے جن کی مجموعی تعداد 7 ہزار بتائی گئی ہےاور طلباوطالبات ان تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ بس انہیں صرف یہ کرنا ہے پہلے ایپ پر رجسٹر ہوجائیں اور وہاں سے تدریس شروع کردیں۔
اس ایپ میں مختلف مضامین اور ان کے ابواب کے لحاظ سے سوال و جواب یعنی کوئز رکھے گئے ہیں جب کہ 20 ہزار ملٹی پل چوائس سوالات یا ایم سی کیو زموجود ہوں گےجو انصاف اکیڈمی پر رکھے گئے ہیں۔ پھر درسی کتب میں تمام ابواب و مضامین کے سوال و جواب اور مسائل کے حل بھی رکھے گئے جن کا موازنہ کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح بچے بہتر انداز میں تعلیم کی تیاری کرسکیں گے۔ انصاف اکیڈمی کا وژن ہے کہ ’ معیاری تعلیم کی آسان، باسہولت اور مفت رسائی تمام طلبا تک ‘ یقینی بنائی جائے۔ خواہ وہ کسی بھی علاقے، اور معاشی یا معاشرتی پس منظر سے ہی کیوں نہ ہوں۔
جماعت نہم کے یاسر انیس کے لیےیہ ایک انتہائی پرمسرت موقع تھا کہ وہ کامیابی سے انصاف اکیڈمی کے پورٹل سے وابستہ ہوگیا۔ یاسر کا شمار ان ہزاروں طالبعلموں میں سے ایک میں ہوتا ہے جو ای لرننگ کے اس شاندار انصاف اکیڈمی پورٹل سے وابستہ ہوچکے ہیں۔
یاسر نے بول نیوز کو بتایا میرا تعلق ایک نہایت غریب خاندان سے ہے اور یہاں تک کہ میرے پاس تعلیم اور ٹیوشن کے وسائل بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس اکیڈمی کی بدولت میری رسائی ہزاروں ویڈیو لیکچر تک ہوچکی ہے جو میرے مضامین سے متعلق ہیں،۔
یاسر کے مطابق یہ انوکھا تجربہ نہ صرف اس جیسے غریب طلبا و طالبات کے لیے مددگار ہیں جو مہنگی ٹیوشن کے حصول سے قاصر ہیں بلکہ دیگر مہنگے وسائل تک رسائی ہی نہیں رکھتے، یہاں تک کہ یہ قدم ملک میں تعلیم و تدریس کو ایک نئے انقلاب سے بھی دوچار کرے گا۔ اس طرح طلبا و طالبات اپنے گھر میں آرام سے رہتے ہوئے سائنس اور ریاضی کی تدریس میں غیرمعمولی مدد حاصل کرسکتے ہیں۔
اس پورٹل کی بدولت کوئی بھی طالبعلم تدریسی عمل کا طریقہ اور رفتار اپنی سہولت کے حساب سے طے کرسکتا ہے۔ پھر وہ پریکٹس، گریڈڈ کوئز، اسائنمٹس اور یہاں تک کہ بورڈ کے فرضی امتحانات میں بھی شامل ہوکر اپنی صلاحیت کا اندازہ کرسکتا ہے۔ اس سے طلبا و طالبات کے درمیان، جنس، معاشرتی طبقے، اقلیتی اظہار اور معاشی ناہمواری کا بھی قلع قمع ہوگا۔ اس میں سوالات اور مشقوں کا ایک وسیع ڈیٹا بیس رکھا گیا ہے جو طلبہ کو بورڈ کے فائنل امتحانات کی تیاری میں نہایت اہم مدد فراہم کرتا ہے۔
پھر دوسری جانب انصاف اکیڈمی پرائیوٹ تدریسی اداروں اور ٹیوشن وغیرہ کی بھی حوصلہ شکنی کرتی ہے۔
اسکولوں کے ایڈیشنل سیکریٹری جناب، نوید شہزاد مرزا انصاف اکیڈمی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فعال رکن بھی ہیں جنہوں نے اس خواب کو تعبیر بنانے میں اپنا نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’’ پنجاب کری کولم (نصاب ) اور ٹیکسٹ بک بورڈ (پی سی ٹی بی) کے تحت کتابوں کے لیے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ یعنی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی جماعتوں کے طلبا و طالبات کے لیے ایک موثر ای لرننگ پلیٹ فارم موجود ہی نہ تھا۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کا دور ہی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا عہد ہے جس میں انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنا لوجی (آئی سی ٹی )کی بدولت تعلیم و تدریس کو گویا پر لگ گئے ہیں۔
پنجاب کے وزیر مراد راس ننے اس بابت کہا ہے کہ انصاف اکیڈمی طلبا و طالبات کو تدریس میں بہت مدد فراہم کررہی ہے۔ ابتدائی طور پر جماعت نہم، دہم، گیارہ اور بارہ کے طلبا و طالبات کے لیے ریاضی، فزکس، کیمسٹری، حیاتیات، اور کمپیوٹر سائنس کے مضامین شامل کئے گئے ہیں۔
نوید شہزاد مرزا نے بتایا کہ نومبر 2020ء میں منعقد ہونے والے پی سی ٹی بی کے 74 ویں اجلاس میں ’انصاف اکیڈمی‘ کا پورا منصوبہ رکھا گیا تھا۔ اس کے بعد بورڈ نے مزید تبادلہ خیال اور غور کے بعد نہ صرف اس منصوبے کی منظوری دی بلکہ اسے آگے بڑھانے کے لیے ایک موثر قائمہ کمیٹی کی بنیاد بھی رکھی۔
انصاف اکیڈمی کے تحت اہم ترین اہداف میں لرننگ مینجمنٹ سسٹم یا ایل ایم ایس کی تعمیر، موبائل ایپ کی تشکیل اور اس میں ویڈیو لیکچر کی شمولیت تھا اور اب یہ تینوں اہداف مکمل کئے جاچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت جدید ٹول اور ٹیکنالوجی کی بدولت اعلیٰ معیار کے ویڈیو لیکچر بنائے گئے ہیں۔ اس ضمن میں اکیڈمی اور اس سے وابستہ تمام منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 15 کروڑ 85 لاکھ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین جناب عمران خان نے بھی اس منٓصوبے کو سراہا ہے جس کی بدولت ملک کی اگلی نسلوں کو شاندار تدریس فراہم کی جارہی ہے۔
اس ضمن میں عمران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا:
’انصاف اکیڈمی کے اجرا کے ساتھ ہی حکومتِ پنجاب نے پی ٹی آئی کا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے جس پر وہ مبارک باد کی مستحق ہے۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا سب سے پہلا تعلیمی پورٹل بھی ہے۔ اس میں 7 ہزار سے زائد لیکچر کوئز اور ایم سی کیوز ہیں۔ یوں ہر گھر میں جماعت نہم سے بارہویں تک کے ہر بچے کی تعلیم تک رسائی آسان ہوجائے گی۔
صوبہ پنجاب کے وزیر جناب مراد راس نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ’ ہر طالبعلم کو اس کے گھر کی دہلیز تک مفت تعلیم کی رسائی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سماجی، معاشی اور معاشرتی پس منظر کے طالبعلم تک تعلیم کے یکساں مواقع پہنچیں گے۔ مراد راس کے مطابق کوئی رقم خرچ کئے بغیر انصاف اکیڈمی طلباوطالبات کو اضافی کوچنگ اور رہنمائی فراہم کرتی ہے اور یہی اس کا اہم ترین مقصد بھی ہے۔
دوسری جانب پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے سابق چیئرمین، عمر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اس منصوبے کا نام بدل دیا ہے۔ پہلے اسے ’پنجاب ای لرن پروجیکٹ‘ کا نام دیا گیا جسے بدل کر انصاف اکیڈمی کردیا گیا ہے۔ عمرسیف نے کہا کہ انہوں نے سب سے پہلے یہ منصوبہ پیش کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کی حکومت نے ہی سال 2014ء میں یہ منصوبہ پیش کیا تھا لیکن اس پر بھی زیادہ کام نہیں کیا گیا تھا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News