
سمندر نے ساحلی پٹی پر 30 ملین ایکڑ اراضی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے
رواں سال اگست، ستمبر اور اکتوبر کے دوران سندھ میں سیلاب نے تباہی مچا دی۔ اس کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے اور شدید معاشی دھچکا پہنچا۔ سندھ کے دیگر علاقوں کی طرح ساحلی علاقے بھی شدید بارشوں، اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور سمندری مداخلت کے باعث بری طرح متاثر ہوئے۔ صرف سجاول ضلع میں تقریباً 1 لاکھ17 ہزار355 افراد بے گھر ہوئے اور تقریباً 300 دیہات زیر آب آگئے، جن میں جاتی اور شاہ بندر سب سے زیادہ متاثرہ تعلقہ ہیں۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ساحلی خطہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مصائب سے متاثر ہوا ہو۔ اس سے قبل یہ خطہ 1999ء میں طوفان، 2003ء میں شدید بارش اور 2010ء اور 2015ء میں سیلاب سے متاثر ہوا تھا۔
سیلاب کے بعد کا نتیجہ اور بھی خوفناک تھا، کیونکہ ٹھٹھہ سےسجاول کی مرکزی سڑک پر قائم خیمہ بستیوں میں پناہ لینے والے خاندانوں کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ اس کے نتیجے میں ماؤں میں غذائیت کی کمی، خواتین نسوانی امراض اور بچے جلد کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
ٹھٹھہ اور سجاول کے نشیبی علاقوں سے دماغی ملیریا کے کیسز کی بڑی تعداد رپورٹ ہوئی، جس کے بعد دونوں اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ اس کے باوجود خاص طور پر ٹھٹھہ کے دیہی علاقوں میں مرض کے پھیلاؤ کو روکا نہیں جا سکا۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر اعظم نے دونوں اضلاع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ لوگوں کی جلد بحالی کا اعلان کیا۔تاہم، وہ تاحال اس اعلان پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔
سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد سجاول میں امدادی سامان کی تقسیم کا عمل جاری ہے، جب کہ میرپور، بٹھورو، گھارو اور جاتی سے غبن کی اطلاعات ملیں، لیکن ضلعی انتظامیہ نے بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے کوئی کوشش نہیں کی۔
میرپور، بٹھورو کے ریونیو اہلکار امدادی سامان کی فروخت اور منتقلی میں ملوث پائے گئے۔ یہ واقعہ میڈیا کی جانب سے واضح طور پر اجاگر ہونے کے باوجود متعلقہ حکام کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
اب ان علاقوں کے عوام نے حکومتی اہلکاروں کی جانب سے کسی ٹھوس تعاون کے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت زندگی کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے جدوجہد شروع کر دی ہے۔ کچھ عرصہ قبل حالیہ سیلاب سے متاثرہ دیہاتیوں کی بڑی تعداد نے محکمہ لائیو اسٹاک کے ساتھ ساتھ ضلعی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان پر چارہ فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا۔تاہم، اس پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
پاکستان برسوں سے موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، لیکن لوگ ملک کے ساحلی علاقے بالخصوص ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی کے بارے میں زیادہ آگاہ نہیں ہیں۔ تاریخ بتاتی ہے کہ ضلع سجاول کے قریب ایک بڑا علاقہ اور بندرگاہ تھی جسے سوکھی بندر کہا جاتا تھا۔
18ویں صدی کے دوران یہ سامان برآمد کرنے کا ایک مصروف مرکز تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ مکمل طور پر سمندری پانی کی لپیٹ میں آ گیا۔ کیٹی بندر اور خروچن کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ ان تاریخی شہروں کا ایک بڑا علاقہ سمندر کی زد میں آ چکا ہے۔
یہ صورت حال 1992ء کے پانی کے معاہدے کے مطابق کوٹری کے بہاؤ کی جانب دریا میں پانی نہ چھوڑنے کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے، جس کے بعد جنگلات کی بے دریغ کٹائی ہوئی ہے۔ سمندر اب تک ملک کی ساحلی پٹی میں 30 ملین ایکڑ سے زائد اراضی کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔
1970ء کی دہائی سے سندھ کی ساحلی پٹی پر واقع ٹھٹھہ اور بدین کے قصبوں میں صاف پانی کی قلت، سمندری پانی کی مداخلت (جس نے 1اعشاریہ2 ملین ایکڑ اراضی کو بنجر بنا دیا ہے)، 1999ء اور 2005ء کے طوفان جیسے واقعات کی وجہ سے خاندانوں (ایک اندازے کے مطابق 40ہزار افراد) کو ساحلی شہر کراچی میں نقل مکانی کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ ساحلی علاقہ کسی زمانے میں زرخیز تھا لیکن گزشتہ تین دہائیوں کے دوران رونما ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں نے اسے ایک ویران خطہ بنا دیا ہے اور ان علاقوں کی ایک بڑی آبادی روزگار کی تلاش میں ملک کے مختلف حصوں میں ہجرت کر رہی ہے۔
سینئر صحافی محمد اقبال خواجہ نے کہا کہ ’’جنگلات کی کٹائی اور لوگوں میں شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کی کمی نے مسائل میں مزید اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھٹھہ اور سجاول ہزاروں ایکڑ اراضی پر پھیلے ہوئے اپنے گھنے جنگلات کے لیے مشہور ہیں۔ محکمہ جنگلات کی عدم توجہی کے باعث جنگلات کا رقبہ سکڑ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساحلی پٹی میں ماحولیاتی عظمت کی بحالی کے لیے مینگرووز کے جنگلات بہت اہمیت کے حامل ہیں اور اس سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 2013ء میں ضلع ٹھٹھہ کے علاقے خروچن میں 7لاکھ50ہزار مینگرووز لگانے کی بولی لگائی گئی تھی لیکن عدم توجہی کے باعث حکام کو تشویش ہے کہ مینگرووز کی شجرکاری کے ذریعے ساحلی ماحول کے تحفظ کا عمل زیادہ عرصے تک جاری نہیں رہ سکتا۔ سینئر ماہر زراعت اوبھائیو خان خشک کا خیال ہے کہ مقامی بااثر زمینداروں کے لالچ نے بھی ان کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ ساحلی خطوں نے پانی کے قدرتی راستوں پر زمینیں کاشت کی ہیں، جس کی وجہ سے سمندر کو مطلوبہ مقدار میں پانی نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے اس عمل کی روک تھام کے لیے خصوصی قانون سازی کی تجویز دی۔
مقامی سماجی کارکن اور پاکستان فشر فوک فورم کے عہدیدار نور محمد تھیمور نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سب سے زیادہ نقصان ماہی گیروں کو ہوا ہے۔
نور محمد تھیمور نے کہا کہ سمندر رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے جس نے لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساحلی علاقے میں صدیوں سے رہنے والے ماہی گیروں کی 60 فیصد برادری دادو، نواب شاہ اور جامشورو کی طرف ہجرت کر گئی کیونکہ خطے میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے بعد یہاں ان کی آمدن کم ہوگئی ہے۔
سینئر صحافی اور مؤرخ زاہد اسحاق سومرو نے انکشاف کیا کہ 20 سال قبل ٹھٹھہ اور سجاول کی ساحلی پٹی میں میٹھے پانی کی کئی جھیلیں تھیں، جن میں جم، تال، چوبتی، کاری اور کھوڑی مشہور تھیں، لیکن انہیں سمندر نے نگل لیا۔ مچھلیوں کی بہت سی قسمیں تھیں جیسے کہ ٹینیولوسا الیشا، جسے مقامی طور پر پالہ کہا جاتا ہے، مریگل کارپ جسے مقامی زبان میں موراکھی کہتے ہیں اور لیبیو روہتا کری جو اب ملک کے اس حصے میں بہت کم پائی جاتی ہیں۔
ایک ماہی گیر امیر بخش دندل نے کہا کہ ماحول میں تبدیلی نے ساحلی علاقے کو اس کی قدرتی خوبصورتی سے محروم کر دیا ہے اور انڈس ڈیلٹا کے ماحولیاتی انحطاط کی وجہ سے اس میں مزید اضافہ ہو گا۔
اس خطے میں زرعی شعبے میں بھی منفی تبدیلیاں آئی ہیں کیونکہ لوگوں نے پانی کی کمی کی وجہ سے سرخ گنے، ہلدی کی فصل اور سرخ چاول سمیت بمپر فصلیں اور سبزیاں کاشت کرنا چھوڑ دی ہیں۔ سندھ کے ساحلی علاقے میں موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل کی روک تھام کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی قانون سازی کے ساتھ ساتھ حکمت عملی کی بھی ضرورت ہے۔
وفاقی حکومت اب موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بہت زیادہ فکر مند ہے اور اسے ساحلی علاقے کی کھوئی ہوئی خوبصورتی کو بحال کرنے اور اسے ماحول دوست جگہ بنانے کے لیے خصوصی بجٹ مختص کرنا چاہیے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News