پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستانی قوم متحدہ ہے، بھارت کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت پر جنگی جنون سوار ہے، دنیا کو دیکھنا چاہیے کہ بھارت کی جنونی حکومت ایٹم بم چلانے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ کو پتہ ہونا چاہیئے کہ پاکستان اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ بھارت کو یہ پتہ ہونا چاہیئے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اُن سے کہیں آگے ہے ۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت اگر ایٹم بم چلانے کی بات کر رہا ہے تو پاکستان نے بھی ایٹم بم اپنی حفاظت کے لیے ہی بنایا ہے ۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پتہ تھا کہ مستقبل میں انڈیا ایسی حرکت کرسکتا ہے، اسی لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے نامساعد حالات میں بھی ایٹم بم کا پروگرام جاری رکھا۔
خورشید شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے لیکن اگر پاکستان کی طرف ٹیڑھی نگاہ سے دیکھا تو بھرپور جواب دیں گے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی اس دھمکی کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہئیےکیونکہ اگر ایٹمی جنگ ہوئی تو کسی کے پاس کچھ نہیں بچے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
