
مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دوسروں کو ہٹلر کہتے ہیں، خود وہی خصوصیات رکھتے ہیں،اُنہیں پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے اسلام آباد میں ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے عدلیہ کی آزادی پر واضح حملہ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ وزارت قانون کا کام ہے کہ قانون اور انصاف کی امین ہو لیکن وہ وزارت کو حکومت کے ذیلی محکمے کے طور پر چلارہے ہیں۔
احسن اقبال نےیہ بھی کہا کہ پاکستان کے آئین میں ایگزیکٹو اور عدلیہ کی آزادی کی بنیاد رکھی گئی اور آزاد عدلیہ کے کاموں میں کسی قسم کی مداخلت کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج کے اس فیصلے نے ایک بار پھر ثبوت دیا ہے کہ یہ مسلم لیگ(ن) کے خلاف پورا عمل حکومت کی مرضی سے چلایا جارہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب جج رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف مقدمے کا فیصلہ سنانے لگے تھے تو اُنہیں واٹس ایپ کے ذریعے تبدیل کر دیا گیا، اس سے بڑا مذاق کیا ہوگا پاکستان کے نظام عدل پر واٹس ایپ کے ذریعے فیصلے مسلط کیے جارہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ عوام کی نظریں چیف جسٹس سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں، امید کرتے ہیں کہ چیف جسٹس نوٹس لے کر اِسے کالعدم قرار دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے مزید کہا کہ ملک میں مالیاتی خسارہ گزشتہ 30 سالہ تاریخ کی بلند ترین سطح 8.9 فیصد پر پہنچ چکا ہے، موجودہ حکومت پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News