
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق صوبوں کے ساتھ ناانصافی کر رہا ہے، صوبوں کا حق کھا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر جمہوری قوتوں کو 18 ویں ترمیم برداشت نہیں ہو رہی، ماضی کی طرح آج بھی وفاق خطرے میں ہے ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے سرزمین بے آئین کو آئین دیا، بے بس عوام کو ووٹ کی طاقت دی، بے نظیر دہشت گرد حملے کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں، آصف زرداری نے 18 ویں ترمیم کر کے 73 کا آئین بحال کیا اور صوبوں کو خود مختاری دلوائی۔
چیئرمین پی پی پی نے وفاقی حکومت سے مخاطب ہو کر کہا کہ جتنا ظلم کرنا ہے کر لو، جسے گرفتار کرنا ہے کر لو، ہم اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق کی ناکامی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہو رہے ہیں، سندھ کی گیس، کے پی کے ہائیڈل پاور پر نا انصافی کی جا رہی ہے، کبھی سندھ اور کراچی کو الگ کرنے کی بات کی جا رہی ہے، سندھ کے 3 اسپتال چھینے، پریشان ہو کر واپس کر دیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ جس کو گرفتار کرنا ہے کرلو، ہم اصولی مؤقف پر سمجھوتا نہیں کریں گے، یہ ایک سال سے ہماری حکومت گرانے میں لگے ہیں لیکن اب تک ناکام ہیں، سیاسی مخالفین پر مقدمات بنانا غیر جمہوری قوتوں کی پرانی عادت ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ پی پی قیادت پر جعلی کیسز ڈال کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، زرداری نے پہلے بھی جیل میں وقت گزارا، اب بھی گزار لیں گے، فریال تالپور کا پروڈکشن آرڈرروک کر ہمیں نہیں دبایا جا سکتا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں دباؤ ڈال کر کٹھ پتلی حکومت لائی جا رہی ہے لیکن ہم یہ نہیں ہونے دیں گے، ہم اس کٹھ پتلی حکومت کے ظلم برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں، مگر سر نہیں جھکائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News