
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم بھائی ہیں۔ پاکستان کے اپنے ان دونوں بھائیوں کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
تفصیلات کےمطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پربیان دیتے ہوئے معاون خصوصی کاکہناہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے خطے میں امن و استحکام اور اتحاد کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ایرانی صدر حسن روحانی کا خطےمیں امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا خیرمقدم دونوں برادرممالک کی قیادت کےلیےایک دوسرے پراعتماد اور تعلقات میں قربت کا مظہرہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان برادر ممالک کے مابین اخوت و مصالحت کے جذبوں کے فروغ کا خواہاں ہے۔ امت مسلمہ باہمی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی، قیادت کی سطح پر یہ احساس اسلامی دنیا کے لئے نیک فال اور عوامی جذبوں کی عکاسی ہے۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کامزیدکہناتھا کہ وزیراعظم نے تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایرانی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی حالیہ سنگین صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ ایران مکمل کرکے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان ایران سے خصوصی طیارے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی زلفی بخاری کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔
گزشتہ دن ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ایران اور سعودی عرب میں جنگ نہیں چاہتا، میرے دورے کا اہم مقصد ہے کہ خطےمیں ایک اورتنازع جنم نہ لے۔
وزیراعظم پاکستان نے مزید اس بارے میں کہا کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے جبکہ سعودی عرب نے ہرضرورت پر ہماری مدد کی ہے، دونوں ممالک میں جنگ کی صورت میں خطے میں غربت پھیلے گی۔
انھوں نے کہا کہ صدرحسن روحانی سے رواں سال میں میری یہ تیسری ملاقات ہے، مقبوضہ کشمیر کےمسلمانوں کے لئےایران کی حمایت پرشکر گزارہیں، 1965 کی جنگ میں ایران کا ساتھ دینا آج تک ہمیں یاد ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ صدر حسن روحانی سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات،تجارت اورایک دوسرے سےتعاون کےطریقہ کارپر بات کی ہے،پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ثالث نہیں سہولت کار کا کردار ادا کرے گا،سعودی عرب اور ایران میں مسائل حل کرنے کا اقدام پاکستان کا اپنا ہے، کسی کے کہنے پر دونوں ممالک میں ثالثی کا اقدام نہیں اٹھایا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News