
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت اور سروسز اسپتال کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں کہ نواز شریف کو اسپتال میں ہر ممکن طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔
عثمان بزدار نے یہ احکامات بھی جاری کیے ہیں کہ نواز شریف کے علاج معالجے کے لیے ان کے ذاتی معالج سے بھی مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے،امید ہے کہ سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج اس ضمن میں پورا تعاون کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سروسزاسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت میں بہتری آئی ہے لیکن ڈاکٹرز کی تشویش تاحال برقرار ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹلٹس پچاس ہزار تک پہنچ گئے ہیں جبکہ میڈیکل بورڈ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ پلیٹلٹس کے نمبرز کم ازکم ڈیڑھ لاکھ تک ہونا ضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹلٹس کی تعداد ابھی تک تسلی بخش نہیں اور انہیں او پازیٹیو خون کی ضرورت ہے اور ڈاکٹرز نے او پازیٹیو خون لگانے کی سفارش بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر جیل سے سر وسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے چیک اپ کے بعد خون میں سفید خلیوں کی رپورٹس غیر تسلی بخش آئی ، جس کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جہا ں اب وہ زیر علا ج ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News