وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا ، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آزادی مارچ پر اپوزیشن سے مزاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں عمران خان نے اہم معاملات پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جبکہ پارٹی رہنماؤں کو حکومتی بیانیے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت آج عالمی بینک کی رینکنگ میں 14 پوائنٹ اوپر گیا، جس کی وجہ سے پورا بھارت خوشی منا رہا ہے۔
سابقہ حکومتیں پاکستان کو کئی درجے نیچے لے گئی تھیں، پاکستان کی پوزیشن میں 28 پوائنٹ بہتری ہوئی اور یہاں دھرنوں پر گفتگو ہو رہی ہے۔
اجلاس میں نوازشریف کی صحت کا تذکرہ شروع ہوا جس پر وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو نوازشریف کی صحت سے متعلق بیانات دینے سے روک دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں اور ان کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، میں صدقِ دل سے نوازشریف کی صحت یابی کے لیےدعاگو ہوں۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ افراد کو نوازشریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنےکے لیے ہدایات جاری کردی ہیں ،انہیں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News