
ترک صدر رجب طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان رواں ماہ 23 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ ترک صدر کا دورہ پاکستان دو روزہ ہوگا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران ترک صدر وزیراعظم عمران خان،صدر مملکت عارف علوی،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اورچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقاتیں کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون کےفروغ، دفاعی تعاون میں بہتری، افغانستان میں قیام امن، مشرق وسطیٰ کی صورتحال، ایران امریکہ تنازع سمیت باہمی سرمایہ کاری میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا جاے گا۔
سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ترک صدر اسلام آباد میں پاک ترک اعلیٰ سطح کی تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس کی صدارت ترک صدر اور عمران خان کی جانب سے مشترکہ طور پر کیےجانے کا امکان ہے۔
پاک ترک اعلی سطح کی تزاویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں دو طرفہ تعاون مزیدفروغ پائےگا۔ دورے کے دوران باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے تعاون کے مزید شعبوں کی تلاش بھی کی جائے گی۔
ترک صدر کے ہمراہ سرمایہ کاروں کا ایک بڑا وفد بھی پاکستان پہنچے گا۔دورہ پاکستان کے دوران ترک صدر دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کی یادداشت مفاہمت پر دستخط بھی کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کے دوران پاکستان ترکی اور ملائشیا کے مشترکہ ٹیلیویژن چینل کے قیام پر معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ترک صدر کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان ترکی اور ملائشیا کے مشترکہ بین الاقوامی ٹی وی چینل کے معاہدے پر دستخط کیے جانے کے امکانات بھی ہیں۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک صدر کا دورہ ماضی میں تین مرتبہ تاخیر کا شکار ہو چکا ہے۔ترک صدر کو اس دورے کی دعوت وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News