
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں عراقی حکومت اور ان کی وزارت خارجہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے عراق کے ویزے کے حوالے سے ہماری درخواست کو قبول کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میری ابھی عراق کے وزیر خارجہ محمد علی حاکم سے ٹیلیفون پر بات ہوئی ہے، مجھے یہ بتاتے ہوئے مسرت محسوس ہو رہی ہے کہ اربعین کے ویزہ کے اجراء کا مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پچھلی مرتبہ بھی یہ مسئلہ سامنے آیا تھا جسے بروقت رابطہ کر کے حل کر لیا گیا اس مرتبہ بھی وہی مسئلہ درپیش ہوا، وہ لوگ جو اربعین کے لیے عراق جانے کے خواہشمند ہیں اور انہوں نے ویزا کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں ان کو ویزے جاری کر دیئے جائیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ عراق کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ ویزے جاری کرنے کے سلسلے میں جو اضافی سٹاف درکار ہو گا وہ بھی عراقی سفارت خانے سے بھیجا جائے گا تاکہ ویزہ کے امور بروقت تکمیل پا سکیں۔
اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے یہ بھی طے کیا ہے کہ مستقبل میں ویزے کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے کوئی باہمی متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے جیسا کہ عراق اور خلیجی ممالک کے مابین ہے تاکہ آئندہ یہ مسائل پیش نہ آئیں اور ویزہ کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے یہ مزید کہا کہ میں نے انہیں دورہ ء پاکستان کی دعوت بھی دی ہے جو انہوں نے قبول کی اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ عراقی حکومت کی خواہش ہے کہ نہ صرف اہل تشیع بلکہ اہل سنت بھی جو زائرین زیارات کیلئے عراق آمد کے خواہاں ہیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News