
وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جسٹس گلزار احمد کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کرنے کی سمری وزیراعظم ہاؤس بھیج دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس گلزار احمد چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھالیں گے۔
اس ضمن میں سمری وزیر اعظم ہاؤس ارسال کردی گئی ہے،وزیراعظم منظوری کے لئے سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھیجیں گے۔
صدر مملکت کی منظوری کے بعد جسٹس گلزار کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957 کو کراچی کے ایک ممتاز وکیل نور محمد کے گھر پیدا ہوئے۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی کے گلستان اسکول ،بی اے کی ڈگری گورنمنٹ نیشنل کالج جبکہ ایل ایل بی کی ڈگری ایس ایم لاء کالج کراچی سے حاصل کی۔
جسٹس گلزار احمد 18 جنوری 1986 کو بطور وکیل رجسٹرد ہوئے۔اس کے بعد 4 اپریل 1988 کو ہائیکورٹ کے وکیل کے طور پر رجسٹرد ہوئے جبکہ 15 ستمبر 2001 کو وہ بطور وکیل سپریم کورٹ رجسٹرد ہوئے۔
وہ 1999 سے 2000 کے تک سندھ ہائیکورٹ کے بار کے اعزازی سیکرٹری بھی رہے۔
جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002 کو سندھ ہائیکورٹ میں بطور جج نامزد ہوئے۔
وہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی، این ای ڈی یونیورسٹی آف اینجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، سر سید یونیورسٹی آف اینجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی،اقرا یونیورسٹی، احمد ای ایچ جعفر فاؤنڈیشن اور آغا خان یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے رکن بھی رہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 20 دسمبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News