حکومت نے معیشت کو درست سمت میں گامزن کردیا ہے،فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے معیشت کی گاڑی کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے وزراء اور محکموں کو آئندہ تین ماہ کیلئے روڈ میپ دیا جبکہ کابینہ میں پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ کے پروگرامز کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سخت محنت کی ہدایت بھی کی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے ای سی سی کے 30اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کردی جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار نیشنل الیکٹریکل وہیکل پالیسی کی منظور بھی دی گئی۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ حکومت نے اصلاحات کا مشکل مرحلہ بھی طے کر لیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، ایندھن کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں تیز ہوئیں جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بہتری معیشت کے استحکام کی علامت ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں چیلنجز پر قابو پا کرآگے بڑھنا ہے اور چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنا ہے اور تمام مثبت معاشی اشاریے اس بات کے گواہ ہیں کہ حکومت کی سمت درست ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جاری خسارے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 50فیصد کمی آئی جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی گزشتہ تین سال سے بہتری آئی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس گوشواروں میں 25فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ گردشی قرضوں میں نمایاں کمی ہوئی اور 2020کے بعد ہم گردشی قرضوں کا خاتمہ کر دیں گے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ملک میں سیاحت کے فروغ کا عزم رکھتے ہیں اور کرتار پور راہداری کی تکمیل مذہبی سیاحت کی طرف ایک قدم ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرتار پور سے 5ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے اورگورونانک کے جنم دن کی تقریبات کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان ویزا پالیسی میں مزید نرمی کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ سیاحوں کی آسانی کیلئے ویزا فارم کو ازسرنو ترتیب دیا جارہا ہے جبکہ نادرا کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ عالمی معیار کے آڈیٹرز سےآڈٹ کرایا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News