کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ، شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر قائم کشمیر سیل کا پانچواں اجلاس وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے “کشمیر سیل” کے تحت اب تک کی جانے والی کاوشوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مسئلہ کشمیرکوعالمی فورمز پر مزید اجاگر کرنے اور ہندوستان کے جھوٹے پراپیگنڈا کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ اس موقع پر وزیر خارجہ نے اراکین کمیٹی کو صدر سیکورٹی کونسل اور سیکریٹری جنرل، اقوام متحدہ کو لکھے گئے اپنے حالیہ خطوط کے مندرجات سے بھی آگاہ کیا۔
شاہ محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت کے سفاکانہ طرزعمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں امریکی کانگریس کے لنٹاس کمیشن کی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی حالیہ رپورٹ انتہائی اہم ہے جس میں انہوں نے واضح لکھا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ ذرائع مواصلات پر پابندی ہے تا کہ اصل صورتحال کو دنیا کی نظروں سے پوشیدہ رکھا جائے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت سے کشمیریوں کا بلاجواز محاصرہ ختم کرنے اور انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں، آج 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور ہوئے 108 یوم گزر چکے ہیں، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں اور بین الاقوامی میڈیا سمیت پوری دنیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، چیئرمین کشمیر کمیٹی فخرامام، وزیر اعظم کی معاون خصوصی براے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین اسٹریٹیجک پالیسی پلاننگ سیل ڈاکٹر معید یوسف کے علاوہ سول اورعسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینیئر حکام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
