صوبائی حکومت خواتین کوتحفظ کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے، جام کمال

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ میں انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی متحرک کا رکن ڈاکٹر فوزیہ سعید سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ہراسگی کے واقعات کی روک تھام اور خواتین اور بچوں کو تحفظ کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ قومی ہراسمنٹ ایکٹ کی روشنی میں بلوچستان میں بھی ہراسگی کے واقعات کے خلاف موثر لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ڈاکٹر فوزیہ سعید سے ہونے والے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین و بچوں کو جسمانی طور پر ہراساں کئے جانے کے واقعات کی موثر روک تھام اور خواتین کوتحفظ کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے۔
جام کمال خان نے یہ بھی کہا کہ اس حوالے سے ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی جبکہ صوبائی، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ہراسگی کے واقعات کے تدارک کے لئے خصوصی سیل قائم کئے گئے ہیں جن کی نگرانی کے لئے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں بھی سیل قائم کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے مزید کہا کہ ہراسگی ایکٹ میں شامل مختلف شقوں پر بلوچستان میں عملدرآمد کیا جارہا ہے اور بلوچستان کی روایات کے تحت چادر اور چاردیواری کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ سعید نے ہراسگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے سنجیدہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت اس وقت بلوچستان کو دیگر صوبوں پر سبقت حاصل ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ سعید نے بلوچستان میں خاتون محتسب کی تعیناتی کوبھی اہم پیشرفت قراردیا۔ملاقات میں چیف سیکریٹری بلوچستان کی سربراہی میں بلوچستان واچ کمیٹی کی تشکیل سے اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں خصوصی سیلوں میں ہیلپ لائن اور ڈیٹا بیس کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا، کیا، ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی مہ جبین شیران، سیکریٹری محکمہ ترقی خواتین سائرہ عطا اور دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News