شاہ محمود قریشی کی سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی وزارت خارجہ میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی قیادت میں سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ آمد پر صحافیوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صحافیوں کے وفد نے وزیر خارجہ سے ان کی ہمشیرہ اور ماموں زاد بھائی نواب عاشق حسین قریشی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
ملاقات میں صحافیوں نے مقبوضہ جموں کشمیر سمیت اہم امور پر بہترین خارجہ پالیسی اپنانے اور نہتے کشمیریوں پر جاری مظالم کو بین الاقوامی فورمز پر کامیابی سے اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔
صدر پی ایف یو جے محمد افضل بٹ نے کہا کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف دنیا بھر میں کھل کر سامنے آئے آیا ہے اور ہندوستان کے جھوٹے بیانیے کا پردہ فاش ہوا ہے اس کی نظیر پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔
سینئر صحافیوں سے ملاقات میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کو اجاگر کرنے میں بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ساتھ، پاکستانی میڈیا کا کردار مثالی رہا۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی اُصولی جدوجہد میں، ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر آصف بھٹی، سیکریٹری آر آئی یو جے، ایوب ناصر سینئر جرنلسٹ، عامر بٹ، ٹکا ثانی، عباس شبیر، مائرہ عمران، فوزیہ رانا، اویس کیانی، ضیاء بھیروی، رانا ابرار شامل تھے۔
واضح رہے اس سے قبل پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور اہم خارجہ پالیسی امور کو بین الاقوامی میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان، ملائشیا اور ترکی جلد مشترکہ ٹی وی چینل شروع کرنے جارہے ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و امان کا خواہاں ہے ، بھارت غیر آئینی اقدامات سے امن تہہ وبالاکرنے کے درپے ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکی کانگریس کے ٹام لنٹاس کمیشن، کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے حالیہ رپورٹ نے، جمہوریت کی جھوٹی دعویدار بھارت سرکار کو بے نقاب کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
