سراج الحق کا خطاب، حکمرانوں پر کڑی تنقید

امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جس معاشی اور قانونی ترقی کی تعریف کررہے ہیں، اس کا مطلب ہے آنے والے دن خراب ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے منصورہ لاہور میں جنوبی پنجاب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم، پولیس افسران اور بیوروکریسی کو تبدیل تو کر رہے ہیں لیکن لوگ ان کی اس تبدیلی کے منتظر ہیں، جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا۔
امیر جماعت اسلامی نےحکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پہلے کی حکومتیں لائے، ان جماعتوں نے ان کی لاج رکھی، لیکن موجودہ حکومت نے لانے والوں کا کوئی پردہ رکھا نہ ہی لاج رکھی۔
سینیٹرسراج الحق نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے شہزادے مہنگائی کے توڑ کے لیے ٹماٹر کے بجائے دہی استعمال کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اقتدار والے صرف اپنے کارخانوں شوگر ملوں اور بینک اکائونٹس میں اضافہ چاہتے ہیں لیکن جماعت اسلامی چاہتی ہے نوجوان اپنے والدین اور معاشرے کےلئے مفید شہری بن جائیں۔
سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ افسوس ہے جنوبی پنجاب پر جاگیرداروں کا قبضہ ہے کرپٹ قیادت کا قبضہ ہے جنہوں نےتعلیم و خوشحالی سے محروم رکھا اور لوگوں کو غلام بنایا ہے۔
امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کے ووٹ سے اقتدار تک پہنچ جائیں تاکہ پراپرٹی اور عالی شان بنگلوں اورسٹیٹس میں اضافہ ہو جائے اور یقین ہے کہ نوجوان جماعت اسلامی میں تربیت سے زندگی کو منظم انداز میں گزاریں گے۔
واضح رہے اس سے قبل امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت کی بیساکھیاں ٹوٹنے والی ہیں کیونکہ ان کی تمام پالیسیاں فیل ہوگئی ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا تھا کہ وزیر قانون نہیں ، عمران خان کی پوری ٹیم نالائقوں کا ٹولہ ہے، ملکی تاریخ میں آئین اور اداروں کے ساتھ ایسے کھلواڑ کی مثال نہیں ملتی جو موجودہ حکومت کر رہی ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ حکومت کی نالائقی روز اول سے واضح تھی لیکن آج دن بھر کے واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ یہ مہا نالائق ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News