
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت وڈیو لنک پر پارٹی مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ حکومت کی جانب سے سیاسی انتقامی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور حکمت عملی بھی طے کی گئی۔
ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے اجلاس میں ملک بھر میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو اپنے علاقوں میں قائداعظم اور محمد نواز شریف کی سالگرہ بھرپور جذبے سے منانے کے لیے تقاریب کا انعقاد کرنے کی ہدایت کی جبکہ25 دسمبر کو ملک بھر میں قائداعظم اور محمد نواز شریف کی سالگرہ بھرپور انداز سے منانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں 30 دسمبر کو پارٹی کا یوم تاسیس ہر ضلع میں منانے کی ہدایت کی اور پارٹی کی وفاقی، صوبائی اور ضلعی تنظیموں کو تنظیمی اور سیاسی سرگرمیاں بھرپور انداز سے جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر پارٹی صدر اور قائدحزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی ضمانت منظور ہونے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں جبکہ احسن اقبال کی گرفتاری افسوسناک ہے۔
احتساب عدالت نے شہباز شریف کوطلب کرلیا
شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ احسن اقبال جیسے قابل اور باصلاحیت افراد کی بے بنیاد مقدمات میں گرفتاری اچھی روایت نہیں جبکہ الزامات کا ثبوت پیش کرنے میں ناکامی اور عدلیہ کے فیصلے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت اور سچائی کا اعتراف ہے۔
ن لیگ کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سی پیک اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے احسن اقبال نے ایمانداری، دیانتداری اور قومی جذبے کے ساتھ قابل ستائش کام کیا ۔
شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان اور رہنماؤں کے حوصلوں، نظریے سے وابستگی اورثابت قدمی پر فخر ہے اور وچھے ہتھکنڈوں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) قوم کے حقوق کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
پارٹی صدر اور قائدحزب اختلاف شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بدترین مہنگائی، بے روزگاری، معاشی بدحالی اور قومی مفادات کے خلاف حکومتی اقدامات کو بے نقاب کرتے رہیں گے جبکہ دعا ہے کہ ضمیر کے تمام قیدیوں کو بھی عدلیہ سے جلد ریلیف ملے گا۔
شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں خواجہ آصف، سردار ایاز صادق، چوہدری برجیس طاہر، انجینئر خرم دستگیر خان، امیر مقام ، مریم اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزہ خواجہ نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ اور وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کو گزشتہ روز قومی احتساب بیورو نے نارروال کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا۔نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کی کرپشن کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بہ طور وزیر منصوبہ بندی اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News