جج صاحبان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے انصاف کیا ،بلاول بھٹو

چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم جج صاحبان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ انصاف کیا۔
سابق صدر مملکت آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور ہونے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایک اور میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی تھی جس کی بنیاد پر ضمانت ملی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کی دعاؤں سےآصف زرداری کوضمانت ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نیب اور حکومت کا گٹھ جوڑ روکنا چاہتے ہیں۔ فریال تالپور کے کیس میں نیب آج کمنٹس لے کر نہیں آئے۔فریال تالپور کے لیے 17 دسمبر تک انتظار کرنا پڑے گا۔
چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کا یہ آخری سال ہے۔صدر زرداری اب باہر آ رہےہیں،وہ کھلاڑی کے شکاری ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ میں کسی کے اشارے پر نہیں کہہ رہا بلکہ عوام کی یہی خواہش ہے۔اب عوامی امنگوں کے مطابق جمہوری حکومت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ نااہل اورسلیکٹڈحکومت نےملک کوتباہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کی ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا ہے۔
دوسری جانب سابق صدر کی بہن فریال تالپور کو ضمانت نہ مل سکی ،ان کی درخواست ضانت کا کیس 17 دسمبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سا بق صدر آصف علی زرداری کی طبعیت بدستور ناسازہے،انہیں دل کی تکلیف کے باعث بولنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری تکلیف کے باعث ذیادہ دیر تک بات نہیں کرسکتے، سابق صدر کو چلنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیکل بورڈ کےمکمل معائنے کے بعد ادویات مین ردبدل اور کارڈیک پروسیجر پر عمل درآمد کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News