
محکمہ داخلہ سندھ نے بول نیوز کے اینکر مرید عباس قتل کیس کی سماعت جیل میں کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے اینکر مرید عباس قتل کیس کی سماعت جیل منتقل کرنے کے لیے جاری کیا گیا نوٹیفکیشن دورانِ سماعت عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساوتھ نے کہا کہ محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کیس جیل میں چلانے کا کہا گیا ہے لیکن محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ جیل میں کیس کس جج کی عدالت میں چلایا جائے گا اور وضاحت کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو خط لکھ دیا۔
مرید عباس قتل کیس، تحقیقات کا دائرہ وسیع
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مرید عباس قتل کیس انتہائی ہائی پروفائل ہے، ملزم عاطف زمان اور عادل زمان کی سٹی کورٹ میں پیشی کے وقت ناخوش گوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے، لہذا ملزمان کے خلاف کیس جیل میں چلایا جائے۔
واضح رہے کہ رواں برس 9 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ملزم عاطف زمان نے بول نیوز کے اینکرمرید عباس اوران کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ 5 اگست کو اینکر مرید عباس قتل کیس میں ان کی اہلیہ اور سول سوسائٹی نے کا پریس کلب کے باہر مظاہرہ میں ملزم عاطف زمان کو پھانسی دینے کا مطالبہ کردیاتھا۔ مظاہرین نے پریس کلب کے با ہر ملزم عاطف زمان کو پھانسی دو کے نعرے بھی لگائے تھے۔
مقتول مرید عباس کی اہلیہ زارا عباس نے ملزم سے صلح کرنے سے صاف انکار کرتے ہو ئے کہ چکی ہیں کہ جو بھی صلح کرنے کی کوشش کرے گا اس کو میری لاش سے گزرنا ہوگا، قاتل کو سزا دلوانے کے لیے ہرفورم پر کیس لڑوں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News